پاکستانی ورکرز کیلئے یورپ کے دروازے کھل گئے، اٹلی میں 10 ہزار 500 نوکریوں کا کوٹہ الاٹ

یہ اہم سنگ میل ہے، جلد یورپ کے دیگر ممالک میں بھی روزگار کے مواقع بڑھنے کی توقع ہے؛ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 27 دسمبر 2025 11:30

پاکستانی ورکرز کیلئے یورپ کے دروازے کھل گئے، اٹلی میں 10 ہزار 500 نوکریوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 دسمبر2025ء) پاکستانی ورکرز کے لیے یورپ کے دروازے کھل چکے ہیں، وزارت اوورسیز پاکستانیز کی جانب سے اٹلی میں اگلے تین سال کے لیے پاکستان کو 10 ہزار 500 نوکریوں کا کوٹہ الاٹ کیے جانے کی تصدیق کردی گئی۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز کی کوششوں اور پاکستانی حکومت کی مسلسل کوششوں کے بعد اٹلی نے پاکستان کے لیے ملازمتوں میں بڑا کوٹہ مختص کر دیا ہے، یہ ایک اہم سنگ میل ہے اور جلد یورپ کے دیگر ممالک میں بھی پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھنے کی توقع ہے۔

اسی سلسلے میں وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اگلے تین سال کے دوران 3 ہزار 500 پاکستانی ہر سال سیزنل اور نان سیزنل ملازمتوں کے لیے اٹلی جائیں گے، پاکستانیوں کے لیے الاٹ کیے گئے کوٹہ میں شپ بریکنگ، ہاسپیٹلیٹی، ہیلتھ کیئر اور زراعت کے شعبے شامل ہیں جہاں پاکستانی مہارت کے حامل افراد اپنے کیریئر کے مواقع حاصل کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ طویل محنت کے بعد اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں، یہ اقدام نا صرف پاکستانی مہاجرین کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی مفید ثابت ہوگا، اس کے ساتھ جلد یورپ کے دیگر ممالک بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے مواقع فراہم کریں گے، جس سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی محنت کش برادری کے لیے نئے دروازے کھلیں گے۔