Live Updates

امریکہ ایران کا گھیرا تنگ کرکے خطے میں لادینی قوتوں کو مسلط کرنا چاہتا ہے،لیاقت بلوچ

ْقوم فرقہ بندیوں کی آگ سے بچیں اور مغربی ایجنڈا کو مسترد کردیا جائے ،مولانا عطاء الرحمان بنگلہ دیش سے ٹھنڈی ہوائیں آرہی ہیں، عبدالحق ہاشمی اور دیگرکاجامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن ملیرسالانہ تقریب تکمیل بخاری شریف وحفظ وناظرہ سے خطاب

پیر 12 جنوری 2026 22:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2026ء) امریکہ ایران میں مداخلت کر کے دنیا کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے ۔ایران کا گھیرا تنگ کر کے لادینی قوتوں کو مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔قوم فرقہ بندی کی آگ سے بچیں اور اتحاد ویکجہتی کے ذریعے عالمی ایجنڈے کو مسترد کردیا جائے ۔یہ بات جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے جامعہ اسلامیہ تفہیم القرآن ضلع ملیر شاہ لطیف ٹائون کے زیراہتمام سالانہ تقریب تکمیل بخاری شریف وحفظ وناظرہ کے جلسہ سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر مولانا عطاء الرحمان ،جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری مولانا عبدالحق ہاشمی ،جمعیت طلبہ عربیہ کے منتظم اعلی محمد افضل ،جامعہ تفہیم القرآن کے منتظم اعلی ومدیر مفتی ضیاء الرحمان فاروقی ،امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر سید مفخر علی ،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مولانا عبدالوحید،امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ ،جمعیت اتحاد العلماء ضلع کورنگی کے صدرقاری منصور احمدنے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جبکہ سابق امیر ضلع محمد اسلام ،نائب امیر ضلع قدر گل ،مسجد سلمان کے صدر محراب خان ،امام مولانا قاسم ضیاء ،پیر طالب حسین چوہدری ودیگر ذمہ داران بھی موجودتھے ۔اس موقع پر سالانہ امتحانات میںکامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے اور تکمیل قرآن وحفظ مکمل کرنے والے طلبہ کی دستار بندی بھی کی گئی ۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے راستے ایک خطرناک بساط بچھائی ہے اور اس کی کڑیاں بلوچستان اور چین تک ملتی ہے ۔

امریکہ نے ایران میں خانہ جنگی کے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی تو پھر وہ خود اس آگ میں بھسم ہوجائے گا ۔امریکہ ،اسرائیل اور بھارت کا ٹرائیکا دنیا کو عالمی جنگ کی جانب دکھیل رہا ہے ۔قرآن وسنت کا نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے ۔پاکستان کے حکمراں سودی نظام سے نجات حاصل کریں ۔مولانا عطاء الرحمان نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن یہاں ایک دن کے لئے بھی اسلام کا نظام عملی طور پر نافذ نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے آج ملک میں کرپشن بدامنی ہے اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے ۔

جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلی محمد افضل نے کہا کہ دینی مداراس اسلام کے بیس کیمپ کا کردار ادا کررہے ہیں مداراس کو ختم کرنے والے خود ختم ہوجائینگے ۔مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا کہ قرآن عمل کی کتاب ہے اور اسے زندگی کے ہردائرے میں نافذ کیا جائے ۔مفتی ضیاء الرحمان فاروقی نے کہا کہ مدرسہ اسلامیہ قرآن فہمی کو عام کرنے اور اس کے فروغ کیلئے مصروف عمل ہے ۔

قرآن سے تعلق کو مضبوط کیا جائے اور قرآن کوترجمے کے ساتھ پڑھا جائے ۔امیر ضلع ملیرسید مفخر علی نے کہا کہ قابل مبارک باد ہیں وہ والدین اور طلبہ جنہوں نے حفظ وناظرہ مکمل کیا ہے ۔یہ بڑی سعادت کی بات ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ قرآن کے پیغام کو عام کیا جائے ۔جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مولانا عبدالوحید نے کہا کہ منبر ومحراب ایک بڑی قوت ہے منبرومحراب نے ہمیشہ امت کی رہنمائی کا فریضہ ادا کیا ہے ۔امیر ضلع کورنگی مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ قرآن روشنی اور نور ہے اس کی روشنی سے سارے جہاں کو روشن کیا جائے ۔قاری منصور احمد قریشی نے کہا کہ تفہیم القرآن کے مدارس کا پورے ملک میں جال بچھا ہوا ہے اور قرآن فہمی کوعام کرنے میں دینی مداراس اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات