مزدور ہماری معیشت کا پہیہ چلاتے ہیں، ان کی خوشحالی ہی صوبے کی خوشحالی ہے،مشیر لیبر اینڈ مین پاور

جمعرات 15 جنوری 2026 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2026ء) وزیر اعلی بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ مزدور ہماری معیشت کا پہیہ چلاتے ہیں، ان کی خوشحالی ہی صوبے کی خوشحالی ہے، ہمارا عزم ہے کہ محکمہ لیبر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ بلوچستان کے مزدور کو بھی یکساں سہولیات میسر ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین ، مسلم باغ، چمالانگ اور دالبندین میں قائم کیے گئے لیبر ہسپتالوں کے مشترکہ افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی، صوبائی وزیر نور محمد دومڑ، سابق صوبائی وزیر کمال الدین، اسفندیار خان کاکڑ، اصغر خان ترین، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار خان، سیکرٹری لیبر نیاز احمد نیچاری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر عبدالستار بگٹی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ 25 بستروں پر مشتمل جدید لیبر ہسپتالوں کا قیام علاقے کے مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے صحت کی بنیادی اور معیاری سہولیات کی فراہمی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، ان ہسپتالوں میں نہ صرف عمارتیں کھڑی کی گئی ہیں بلکہ جدید مشینری اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ غریب محنت کش اپنے ہی علاقے میں مفت اور معیاری علاج حاصل کر سکیں۔

ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں بسنے والے محنت کشوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولیات میسر آئیں۔تقریب کے دوران ویلفیئر بورڈ بلوچستان کی جانب سے مستحق ورکرز کی مالی معاونت کے لیے ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ کے چیکس بھی تقسیم کیے گئے۔ علاقائی عمائدین نے بھی کثیر تعداد میں تقریب میں شرکت کی اور بلوچستان کی روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آنے والے معزز مہمانوں کو روایتی دستار پہنائی۔ سردار بابا غلام رسول عمرانی نے دیگر مہمانوں کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔