Live Updates

مستقبل قریب میں آرٹیفشل انٹیلی جنس بڑے فیصلوں، دفاعی حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کی سمت کے تعین میں کلیدی کردار ادا کریگی ‘ ملک احمد خاں

جمعرات 2 جولائی 2026 19:57

مستقبل قریب میں آرٹیفشل انٹیلی جنس بڑے فیصلوں، دفاعی حکمت عملی اور ..
لاہور/ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت موجودہ دور کی سب سے بڑی تخلیق ہے جو دنیا کے مستقبل کا رخ متعین کر رہی ہے، مستقبل قریب میں آرٹیفشل انٹیلی جنس بڑے فیصلوں، دفاعی حکمت عملی اور جدید ٹیکنالوجی کی سمت کے تعین میں کلیدی کردار ادا کرے گی تاہم اس کا استعمال انسانیت کی فلاح، ترقی اور عالمی امن کے لیے ہونا چاہیے، نہ کہ جنگوں اور تباہی کے لیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساہیوال میں نجی کالج کی طلبہ و طالبات کی حلف برداری تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین نجی کالج چوہدری وحید الحق، وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، اراکین صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور ملک محمد ارشد، ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ شفیق احمد ڈوگر، ڈی جی بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز محمد عقیل اشفاق سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ میری دعا ہے کہ مصنوعی ذہانت دنیا میں امن، خوشحالی اور انسانی خدمت کا ذریعہ بنے، نہ کہ جنگی صلاحیتوں میں اضافے اور تباہی کا سبب۔ حالیہ امریکہ، ایران جنگ نے مصنوعی ذہانت کے خوفناک استعمال کی جھلک دنیا کے سامنے پیش کی ہے، جس سے عالمی برادری کو سبق سیکھتے ہوئے سائنس اور ٹیکنالوجی کو مثبت مقاصد کے لیے بروئے کار لانا ہوگا۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ انسانی تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ٹیکنالوجی کے غلط استعمال نے ہمیشہ بڑے نقصانات پہنچائے ہیں، اس لیے مصنوعی ذہانت کو بھی مثبت سمت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے نوجوان طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی سے مثبت انداز میں استفادہ کرتے ہوئے اپنی علمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کریں۔

مصنوعی ذہانت کے دور میں انسانی اقدار کا تحفظ، اخلاقی اصولوں کی پاسداری اور مضبوط سماجی ضابطوں کا فروغ پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے نوجوانوں کو سوشل میڈیا ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ استعمال کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر وقت کے تقاضوں کے مطابق پالیسیاں تشکیل دینا ناگزیر ہے، جبکہ تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی پر عبور ہی روشن اور کامیاب مستقبل کی ضمانت ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کی کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے طلبہ و طالبات کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے والدین، اساتذہ اور پاکستان کا نام روشن کریں اور باکردار، ذمہ دار اور محبِ وطن شہری بن کر ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

تقریب کے دوران سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے طلبہ و طالبات سے حلف بھی لیا۔ بعد ازاں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کالج میں مختلف ترقیاتی بلاکس کا افتتاح کیا، ادارے کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور یادگاری پودا بھی لگایا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کہا کہ کامیابی کی واحد کنجی سائنس اور ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کرنا ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف سکالرشپس نے طلبہ کی مالی مشکلات میں نمایاں کمی لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ چیئرمین چوہدری وحید الحق نے اپنے خطاب میں ادارے کی تعلیمی کامیابیوں، تدریسی معیار اور طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کے حوالے سے خدمات پر روشنی ڈالی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات