جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال اور پیشہ ورانہ اندازِ کار سی پی ایل سی کو ایک مثالی ادارہ بناتا ہے،گورنر سندھ

جمعرات 2 جولائی 2026 20:47

جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال اور پیشہ ورانہ اندازِ کار سی پی ایل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2026ء) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال اور پیشہ ورانہ اندازِ کار سی پی ایل سی کو ایک مثالی ادارہ بناتا ہے۔جمعرا ت کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے سیٹیزن پولیس لائزن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے مرکزی دفتر کے دورہ کے دوران کہی۔

انہوں نے کہاکہ سی پی ایل سی کو وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے ساتھ اشتراکِ عمل کرنا چاہیے تاکہ نوجوان ادارے کے تجربات، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہیں، انہیں آگے لانا، بااختیار بنانا اور بہترین مواقع فراہم کرنا ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت میں سی پی ایل سی کا کردار قابلِ تحسین ہے ۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عوامی خدمت کے اداروں کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بروقت، موثر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی پی ایل سی کے پاس چوری شدہ اور برآمد ہونے والی گاڑیوں کا ملک کا سب سے بڑا ڈیٹا بیس موجود ہے،سی پی ایل سی کا کال سینٹر روزانہ 7سے 8 ہزار کالیں وصول کرتا ہے اور گاڑیوں، موبائل فونز سمیت مختلف عوامی مسائل پر خدمات فراہم کرتا ہے۔

چیف سی پی ایل سی نے کہا کہ شناخت پروگرام کے تحت سی پی ایل سی لاوارث لاشوں کی شناخت میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے،سی پی ایل سی کے دفاتر کراچی کے تمام اضلاع کے علاوہ حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں بھی قائم ہیں جبکہ سکھر میں ڈیسک فعال ہے اور جلد لاڑکانہ میں بھی ڈیسک قائم کی جائے گی۔