Live Updates

سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی بھارتی کوشش غیرقانونی و یکطرفہ ہے ،ترجمان دفتر خارجہ

پانی کو سیاسی دبائو یا جبر کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، ، پاکستان کوجائزحصے سے محروم کرنے کی کوشش خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین نتائج کی حامل ہوگی، ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 2 جولائی 2026 21:00

سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی بھارتی کوشش غیرقانونی و یکطرفہ ہے ،ترجمان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جولائی2026ء) ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پانی کو سیاسی دبائو یا جبر کے آلے کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا ، پاکستان کواس کے جائزحصے سے محروم کرنے کی کوئی بھی کوشش خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین نتائج کی حامل ہوگی۔جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی کسی بھی نام نہاد معطلی یا اس سے انحراف کی بھارتی کوشش غیرقانونی،یکطرفہ اور بین الاقوامی قانون کے منافی ہے۔

ترجمان نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے منعقدہ سیمینارکا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سندھ طاس معاہدہ، امن اورعلاقائی استحکام کا ضامن کے عنوان سے ہونے والی تقریب میں سیاسی رہنماں،قانونی ماہرین، بین الاقوامی اسکالرز، سفارتی برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان ایرانی روحانی پیشوا آیت اللہ علی خامنہ ای کے نماز جنازہ اورتدفین میں شرکت کیلئے ایران جائیں گے،ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈارسمیت وفاقی کابینہ کے دیگر وزرا بھی ہوں گے۔

شہبازشریف پاکستانی قوم اورحکومت کی جانب سے ایران سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کریں گے، دورہ ایران کے بعدشہباز شریف ترکیہ روانہ ہوں گے جہاں علاقائی امن وسلامتی اورتجارت سمیت اہم امور پردوطرفہ تعاون بڑھانے پربات ہوگی،وزیراعظم کا دوملکی دورہ تین سے پانچ جولائی تک جاری رہے گا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان قطری شراکت داروں کے ساتھ سہولت کار اور ثالث کے طور پر اپنا کردارجاری رکھے گا،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اعلی سطحی سفارتی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سعودی عرب، چین، بحرین اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات