بلوچستان میں پانچ جدید ورکرز ہسپتالوں کا افتتاح، مزدوروں اور عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، چوہدری سالک حسین

جمعرات 15 جنوری 2026 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2026ء) وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین نے پانچ اسٹیٹ آف دی آرٹ ورکرز ہسپتالوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ ہسپتال مزدوروں کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کریں گے۔جمعرات کو ضلع پشین میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خاص وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ چوہدری سالک حسین تھے اس موقع پرصوبائی وزیر انڈسٹریز سردار کوہیار خان ڈومکی، صوبائی وزیر خوراک نور محمد دومڑ، پارلیمانی سیکرٹری اسفندیار خان کاکڑ، پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین اصغر خان ترین، سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار خان، سیکرٹری لیبر نیاز احمد نیچاری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر عبدالستار بگٹی ،سابق صوبائی وزیر کمال الدین، دیگر اعلی سرکاری افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

25 بستروں پر مشتمل مکمل طور پر جدید طبی سہولیات سے آراستہ ورکرز ہسپتال پشین، دالبندین، نوکنڈی، چمالانگ اور مسلم باغ میں قائم کیے گئے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں جدید مشینری اور طبی آلات نصب کیے گئے ہیں تاکہ صنعتی اور کان کنی سے وابستہ مزدوروں کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات میسر آ سکیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ان ہسپتالوں کا مقصد مزدوروں کو محفوظ، باعزت اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان ہسپتالوں میں عام عوام کو بھی بلا امتیاز مفت علاج کی سہولت دی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے مزدوروں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وفاقی حکومت ان کی صحت، تحفظ، عزت اور بہبود کے لیے تمام ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔اس سے قبل بلوچستان محکمہ صحت اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کیے گئے، جس کا مقصد ان ہسپتالوں کے مثر انتظام اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔