میری نظر میں دہشتگردوں کی آبادکاری میں جنرل ر باجوہ، فیض حمید، عارف علوی، عمران نیازی اور بیرسٹر سیف ملوث ہیں

میں نے اعلیٰ ترین اداروں میں ان عناصر کیخلاف باضابطہ رجوع کیا ہے، بعض لوگ میرے مؤقف کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، لیکن حقیقت اپنی جگہ برقرار ہے۔ سینیٹر ایمل ولی خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 جنوری 2026 21:54

میری نظر میں دہشتگردوں کی آبادکاری میں جنرل ر باجوہ، فیض حمید، عارف ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 جنوری 2026ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ میری نظر میں دہشتگردوں کی آبادکاری میں جنرل رباجوہ، فیض حمید، عارف علوی، عمران نیازی اور بیرسٹر سیف ملوث ہیں، میں نے اعلیٰ ترین اداروں میں ان عناصر کیخلاف باضابطہ رجوع کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں واضح اور ذمہ دارانہ طور پر یہ اعلان کرتا ہوں کہ میں نے ریاستِ پاکستان کے اعلیٰ ترین اداروں، وزیراعظم آفس، سپریم کورٹ آف پاکستان، اور پشاور ہائی کورٹ سے ان عناصر کے خلاف باضابطہ رجوع کیا ہے جو دہشت گردوں کی سرپرستی اور دوبارہ آبادکاری میں ملوث رہے ہیں۔

میری نظر میں اس عمل کے مرکزی ذمہ دار جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، جنرل (ر) فیض حمید، سابق صدر عارف علوی، عمران نیازی اور بیرسٹر سیف ہیں۔

(جاری ہے)

میں دوٹوک الفاظ میں خبردار کرتا ہوں کہ میری اس مؤقف اور گفتگو کو کسی بھی فرد یا گروہ کے ذاتی یا سیاسی مفاد کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ ایسا کوئی بھی اقدام نہ صرف غیر اخلاقی ہوگا بلکہ قانونی اور سیاسی طور پر بھی الٹا پڑے گا۔

ایمل ولی خان نے کہا کہ آج میں کھل کر یہ واضح کر رہا ہوں تاکہ کوئی ابہام باقی نہ رہے کہ میرا اشارہ کس جانب ہے، اور میں آئندہ بھی اسی اصولی مؤقف پر قائم رہوں گا۔ جب میں اس پورے معاملے کو ’’ گندگی‘‘ قرار دیتا ہوں تو میرا مقصد حقائق کو بےنقاب کرنا ہے، نہ کہ کسی ذاتی دشمنی کا اظہار۔ بعض لوگ میرے مؤقف کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، لیکن حقیقت اپنی جگہ پر برقرار رہتی ہے اور رہے گی۔

میرا موقف ریاست، آئین اور عوام کے مفاد میں ہے، اور میں اسی راستے پر قائم رہوں گا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے گٹھ جوڑ کے ٹھوس ثبوت ہیں، دشمن کی طرف سے انہیں وسائل فراہم کئے جارہے ہیں ، دہشتگردی کا ناسور دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، 2018 کی طرح دہشتگردی کا سر کچل دیں گے، دہشتگردوں کو پاکستان کی سرحدوں سے اٹھاکر بحرہند میں ڈبو دیا جائیگا، تمام مکتبہ فکر کے جید علماکا یہاں ہونا اچھی بات ہے، قومی یکجہتی کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے شاید کبھی نہ تھی، مل بیٹھ کر معاملات طے کرنے کی ضرورت ہے،وسائل کو اگر استعما ل کریں تو ہمارے تمام مسائل ختم ہوجائیں گے، معرکہ حق میں افواج پاکستان نے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو رہتی دنیا تک نہیں بھولے گا۔

جمعہ کو یہاں قومی پیغام امن کمیٹی کے ارکان سے گفتگو کررہے تھے۔