جماعت اسلامی اپنے 9ٹان میں تعمیر و ترقی کے ساتھ اہل کراچی کے حقوق کی جنگ بھی لڑ رہی ہے، منعم ظفر

قابض مئیر کام کرنا نہیں چاہتے، وسائل پر قابض،ٹان و یوسی چیئر مینوں کو اختیار و وسائل دینے پر تیار نہیں،اہل کراچی کے جائز و قانون حق،مسائل کے حل اور با اختیار شہری حکومت کے لیے 14فروری کو سندھ اسمبلی پر دھرنا دیا جائے گا،فلاور شو کا افتتاح و گفتگو

بدھ 11 فروری 2026 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2026ء) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیزاور ٹی ایم سی جناح ٹان کے تحت ٹان چیئرمین رضوان عبد السمیع، چیئر مین یوسی جنید مکاتی کے ہمراہ شبیر آبادجوہر پارک یوسی 8 میں فلاور شو کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے شاندار فلاور شو کے انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا،اس موقع پر منعم ظفر خان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ایک جانب اپنی 9ٹانز میں تعمیر و ترقی اور دوسری جانب کراچی کے حقوق کی جنگ بھی لڑ رہی ہے اور اپنے وعدے کے مطابق ہم اختیارات سے بڑھ کر کام کررہے ہیں، جس طرح اجتماعی جدوجہد کے ذریعے جوہر پارک کو بحال کیا گیا ہے اسی طرح شہر کے مسائل کو بھی حل کروائیں گے۔

(جاری ہے)

کراچی نے گزشتہ سال 3256 ارب روپے کا ٹیکس دیا ہے، کراچی کا حق ہے کہ اسے ترقیاتی بجٹ دیا جائے اور عوام کے مسائل حل کیے جائیں۔ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز و قانون حق،مسائل کے حل اور با اختیار شہری حکومت کے لیے 14فروری کو سندھ اسمبلی پر دھرنا دیا جائے گا، قابض مئیر کام کرنا نہیں چاہتے اور وسائل پر قابض ہیں۔ ڈھائی سال کا عرصہ گزر گیا، ٹان و یوسی چیئرمینز کو نہ اختیارات دیے گئے اور نہ وہی وسائل، کراچی معاشی حب ہے جو پاکستان کے لیے انجن کا کام کرتا ہے۔

شہر بے شمار مسائل کا شکار ہے لیکن حل کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں ہے۔ کراچی کے لوگ جس اذیت کا شکار ہیں اس کی سب سے بڑی وجہ اونر شپ نہ لینا ہے۔ جس طرح پارک کی بحالی کے لیے یوسی کونسلر طاہرہ ہزاری نے اس کی اونر شپ لی اسی طرح باقی لوگوں کو بھی لینا ہوگی، سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے شہر کو آباد کیا تھا، ماڈل پارکس بنائے تھے اور 32 کالجز تعمیر کیے تھے۔

چیئرمین جناح ٹان رضوان عبد السمیع نے کہا کہ جناح ٹان کے تحت بتدریج 40 پارکوں کو بحال کیا جائے گا، ہم بوہری کمیونٹی اور پارک ڈیپارٹمنٹ کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے دن رات محنت کرکے پارک کی بحالی میں اپنا کردار ادا کیا،چیئرمین یوسی 8 جنید مکاتی نے کہا کہ پارک ڈیپارٹمنٹ سمیت پوری ٹیم اور خاص طور پر کونسلر طاہرہ ہزاری کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ہم نے پارک کو ازسر نو تعمیر کیا اور پارک میں موجود پھولوں کو یہیں اگایا گیا ہے۔ کراچی ہمارا ہے،ہمیں اپنے حالات خود ٹھیک کرنے ہوں گے اور شہر کی ترقی و خوشحالی کے لیے خود محنت کرنا پڑے گی۔ ہم سب کو عہد کرنا چاہییے کہ اس شہر کی حفاظت کریں اور شہر کے بہتر مستقبل کے لیے مل کر جدوجہد کریں۔ اس موقع پرسکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،یوسی چیئر مین اسامہ صابر،یوسی 8 کی کونسلر طاہرہ ہزاری، علاقے کے دیگر معززین،مردو خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔