قومی ہیروز کے ایام سرکاری سطح پر نہ منانا بے حسی،اسلم فاروقی

بیگم رعنا کے یوم ولادت و سردار عبد الرب نشتر کی برسی کی مناسبت سے ایم کیو ایس سی کا اجلاس مقاصد پاکستان سے انحراف کرنے والوں کا قلع قمع کرنا ہوگا ورنہ آئندہ نسل کبھی معاف نہیں کریگی

جمعہ 13 فروری 2026 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2026ء) بانیان پاکستان کی اولادوں کی تنظیم محب قومی سماجی کونسل (ایم کیو ایس سی)پاکستان کے چیئرمین و محب وطن سماجی رہنما محمد اسلم خان فاروقی نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کے تمام رہنما قومی ہیروز ہیں ان کے ایام سرکاری سطح پر نہ منانا بے حسی ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہوگا ان خیالات کا اظہار اسلم خان فاروقی نے تحریک پاکستان کی رہنما و ملک کی پہلی خاتون اول بیگم رعنا لیاقت علی خان کے 121ویں یوم ولادت اور تحریک پاکستان کے رہنما سردار عبد الرب نشتر کی 68ویں برسی کی مناسبت سے لیاقت آباد میں محب کونسل کے وائس چیئرمین و بابائے قومی پرچم کے صاحبزادے ماسٹر زاہد حسین کی دعوت پر ایم کیو ایس سی کے منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اسلم خان فاروقی کا کہنا تھا کہ قائد اعظم سمیت تحریک پاکستان کے تمام رہنماں کی محنت و جدوجہد سے ہی وطن عزیز کا قیام ممکن ہوا ہے اور قوم آج آزاد فضا میں سانس لے رہی ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ قومی ہیروز کو سلام و خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ پاکستان کے قیام کے مقاصد کی تکمیل کا عزم ہے اس سے زیادہ بہتر طریقہ کوئی نہیں ہے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج جو قوم بیرونی قرضوں کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے اور مہنگائی، بیروزگاری و دیگر انگنت مسائل کا شکار ہے اس کی وجوہات میں وطن عزیز کے اپنے قیام کے مقاصد سے دوری ہے چنانچہ قوم کو ملک و نئی نسل کی بقا کے لیے مقاصد پاکستان کی تکمیل کی جدوجہد کے لیے بھرپور میدان میں نکلنا ہوگا اور مقاصد پاکستان سے انحراف کرنے والوں کا قلع قمع کرنا ہوگا ورنہ آئندہ نسل ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی اجلاس سے حکیم محمد شعیب قریشی، محمد سلیم چندریگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ماسٹر زاہد حسین نے بیگم رعنا اور سردار عبد الرب نشتر کے درجات کی بلندی اور ملکی بقا و سلامتی کے لیے دعا کی۔