محکمہ زراعت پنجاب کے تحت ضلع راولپنڈی میں سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب

جمعہ 13 فروری 2026 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ اصلاح آبپاشی کے تین سالہ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان برائے خطہ پوٹھوہار کے تحت ضلع راولپنڈی میں سبسڈی پر لیزر لینڈ لیولرز کی فراہمی کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی راجہ شوکت بھٹی تھے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی رفعت عباسی اور ڈائریکٹر زراعت اصلاح آبپاشی راولپنڈی ڈویژن فرحانہ جمیل سمیت دیگر افسران اور کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

راجہ شوکت بھٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان خطہ پوٹھوہار کے کاشتکاروں کے لیے تحفہ ہے جو زرعی ترقی میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام اسکیموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور پانی کے وسائل کی ترقی، جدید نظام آبپاشی اور ہائی ویلیو کراپس کے فروغ کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر زراعت فرحانہ جمیل نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت خطہ پوٹھوہار کے لیے 7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ تین سال کے دوران 1700 ایکڑ رقبے پر شمسی توانائی سے مربوط جدید نظام آبپاشی اور 1700 لفٹ اریگیشن اسکیمیں 70 فیصد سبسڈی پر نصب کی جائیں گی۔ اسی طرح راولپنڈی ڈویژن میں 270 لیزر لینڈ لیولرز 7 لاکھ روپے سبسڈی پر فراہم کیے جائیں گے جبکہ ضلع راولپنڈی کے 23 کاشتکاروں کو قرعہ اندازی کے ذریعے مشینری دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار میں اضافہ، پانی کی بچت اور مقامی وسائل کا مؤثر استعمال ہے جس سے نہ صرف زرعی شعبہ بلکہ مقامی معیشت بھی مستحکم ہو گی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اصلاح آبپاشی راولپنڈی راجہ حسن رضا خان نے کامیاب کاشتکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لیزر لینڈ لیولرز کو باہمی تعاون سے استعمال کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ زمین ہموار ہو اور پانی کی بچت ممکن ہو سکے۔