الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت’’ 900 باہمت‘‘ بچوں کی عید شاپنگ

منگل 24 فروری 2026 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2026ء) الخدمت آرفن کیئرپروگرام کے تحت5روزہ عید شاپنگ کا آغازہوگیا ،دوروز میں کیماڑی ،ویسٹ، ائر پورٹ ،ملیر اور شاہ فیصل کلیسٹرکے 900 باہمت یتیم بچوں نے عید کی شاپنگ مکمل کرلی ۔ باہمتبچوں نے اپنی ماؤں اورسرپرستوں کے ساتھ عید کی شاپنگ کی۔الخدمت کی جانب سے گلشن اقبال کے’’ شاپنگ مال‘‘ میں بچوں کو عید کی شاپنگ کا موقع فراہم کیا گیا تھا ،الخدمت کے رضاکاروں نے عید شاپنگ میں بچوں اور ماؤں کی معاونت کی ۔

ہربچے کو 6000روپے کا خریداری واؤچردیا گیا تھا ۔بچوں اور بچیوں نے اپنی پسند کے ملبوسات ،جوتے ،گھڑیاں اور دیگر اشیا خریدیں ۔ان کے چہروں پر خوشی نمایاں تھی ۔عید شاپنگ کے دوران ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی، معروف اداکار ایاز خان،اداکار شہود علوی ، اداکار کاشف خان، سندھ ٹیکنیکل بورڈ آف ایجوکیشن کے چیئر مین مشرف علی راجپوت ،معردف ٹی وی اینکر رضوان جعفر ،پروفیسر ڈاکٹریاسمین سلطان فاروقی سپارک بزنس کلب کی چیئر پرسن سیدہ رفعہ حسن ،کامیڈین عرفان ملک ، علی حسن ،ڈائریکٹر آرفن کئر پروگرام یوسف محی الدین نے شاپنگ مال کا دورہ کیا اور بچوں اور ان کی ماؤں سے ملاقات کی، ان کے سروں پر دست شفقت رکھا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹرالخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت باہمت بچوں کو ہر سال باقاعدگی سے عید الفطر کی شاپنگ کروارہی ہے ،اس سال 2500 بچوں کو عید کی شاپنگ کروائی جا رہی ہے ،ان بچوں کو اپنی ماؤں کے ساتھ شاپنگ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے تاکہ یہ بچے خوشی کے ساتھ عید کی شاپنگ کر سکیں اور وہ محسوس کریں کہ وہ بھی عام بچوں کی طرح ہیں ۔

اداکارایاز خان نے کہا کہ الخدمت بڑا کام کر رہی ہے ،الخدمت ہرسال ان چمکتے ستاروں کو شاپنگ کراتی ہے، یہ اچھی روایت ہے ،یتیموں کی کفالت سنت رسول اورجنت کے حصول کے کاذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو بھی اس کا رخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے ۔سندھ ٹیکنیکل بورڈ آف ایجوکیشن کے چیئر مین مشرف علی راجپوت نے الخدمت کی کاوش کو سراہا اور کہا کہ الخدمت کے اس کام کو دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے ،یہ دیگر اداروں کیلئے بھی بڑی مثال ہے کہ وہ بھی ایسے باہمت بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں ۔

اداکار شہود علی نے کہا پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ الخد مت کے اس کام میں اس کا ساتھ دے ۔رضوان جعفر نے کہا کہ ہمیں یتیموں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھنے کی سنت کو عام کرنا ہوگا ،یتیم کی کفالت قریب رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور قرب الہٰی کا ذریعہ ہے ۔پروفیسر ڈاکٹریاسمین سلطان فاروقی اور سیدہ رفعہ حسن ،کامیڈین عرفان ملک نے بھی الخدمت کی کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ یتیموں کی کفالت کا جوکام الخدمت کر رہی وہ واقعی دنیا کے لیے مثال ہے ۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ الخدمت کا ساتھ دیں ۔