ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ڈاکٹر اسد اللہ کو ممتاز محقق اور سائنسدان کا اعزاز

منگل 10 مارچ 2026 23:11

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2026ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے تعلیمی اور تحقیقی میدان میں ایک اور اہم سنگ میل حاصل کرلیا۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر اسد اللہ کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مایہ ناز محقق اور سائنسدان کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں تحقیقی کامیابیوں کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔

شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق ڈاکٹر اسد اللہ کے آئی یو کے ڈیپارٹمنٹ آف میتھمیٹیکل سائنسز میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور گریجویٹ سکول کے ڈائریکٹر ہیں نے یہ اعزاز اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت حاصل کیا۔ ان کی اہم کامیابیوں میں پاکستان اکیڈمی آف سائنسز کی جانب سے گولڈ میڈل اوراسٹینفورڈایلسیویئر ورلڈز ٹاپ 2% سائنسدانوں کی فہرست میں شمولیت سمیت انٹرنیشنل OBADA PRIZE شامل ہے۔

(جاری ہے)

یہ اعزاز نہ صرف ڈاکٹر اسد اللہ کی ذاتی محنت اور علمی فضیلت کی عکاسی کرتا ہے بلکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی طرف سے فراہم کردہ معاون ماحول، حوصلہ افزائی اور وسائل کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر اسد اللہ نے جامعہ قراقرم کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی، تعاون اور حوصلہ افزائی نے انہیں یہ مقام حاصل کرنے میں مدد دی۔

انہوں نے اپنے ساتھی اساتذہ، طلبہ، تحقیقی شراکت داروں اور کے آئی یو کی پوری کمیونٹی کا بھی تہ دل سے شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل حوصلہ افزائی اور تعاون نے اس کامیابی کو ممکن بنایا۔قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ڈاکٹر اسد اللہ اور ان کی پوری فیملی کو مبارکباد پیش کی اور اس اعزاز کو جامعہ قراقرم اور پورے گلگت بلتستان کے لیے ایک عظیم اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے چند منتخب اعلیٰ ترین سائنسدانوں میں سے ایک کا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی سے تعلق ہونا پورے خطے کے لیے فخر کی بات ہے۔یہ کامیابی محنت، استقامت اور اداراتی تعاون سے ممکن ہوا۔