Live Updates

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان اور ان کی ٹیم عید کے تینوں دن مبارکبادوں کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات مصروف رہے

منگل 24 مارچ 2026 20:54

نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2026ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و امور خیبرپختونخوا اختیار ولی خان بذاتِ خود اور ان کی پوری ٹیم عید کے تینوں دن مبارکبادوں کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات بھی انجام دیتے رہے۔وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان عید کے پہلے دن نماز ادا کرنے کے بعد عوام میں گھل مل گئے اور عید کی مبارکباد پیش کی۔

حجرہ نوخار ہاؤس میں عیدالفطر کے تینوں دن صوبے بھر اور مختلف علاقوں سے چاہنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ جس میں پارٹی کارکنان، رہنماء، سیاسی عمائدین، میڈیا نمائندگان، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں کے ساتھ عید کی خوشیاں اور محبتیں بانٹیں گئیں۔ مختلف علاقوں سے وفود کے شکل میں آئے معزز مہمانان عید مبارک باد کے ساتھ ساتھ اپنے مسائل بھی بیان کرتے رہے۔

(جاری ہے)

عید پر بجلی کی استعمال زیادہ ہونے کے وجہ سے ٹرانسفارمرز کے خراب ہونے کی شکایتیں بھی کی گئیں۔ اختیار ولی خان نے عید پر بھی عوامی خدمت کو جاری رکھتے ہوئے واپڈا حکام کو فوری حل کے احکامات جاری کئے۔ واپڈا حکام نے عید کی چھٹیوں کے باوجود خصوصی ڈیوٹیوں سے عوام کو فوری ریلیف دیتے ہوئے ٹرانسفارمرز تبدیل کیے۔میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہ ایران جنگ نے عالمی جنگ کا رخ اختیار کرتے ہوئے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا۔

دوسرے ممالک کے عوام تیل کےلیے آپس میں لڑ رہے ہیں۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں اور مربوط پالیسی کی وجہ سے آج پاکستان اس عالمی جنگ میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے اثرات نے پوری دنیا میں تیل کے طلب و رسد کو متاثر کیا ہوا ہے۔ عالمی دنیا کی اس غیر یقینی صورتحال میں کچھ سیاسی نابالغ اپنی سیاست چمکانے کےلیے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں کہ حکومت پاکستان نے موجودہ سٹاک کے ریٹ بڑھا دیے ہیں جس سے عوام متاثر ہورہے ہیں۔

مگر حقیقت اس کے برعکس ہے، حکومت پاکستان نے کفایت شعاری پالیسی اپناتے ہوئے 50 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کر دیا، ورک فرام ہوم پالیسی نافذ کی، سرکاری دوروں پر پابندی لگاتے ہوئے محدود کیا گیا اور اسی طرح حکومتی سطح پر اخراجات میں کمی لانے کےلئے اقدامات اٹھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی پالیسیوں کے نتیجے میں حکومت پاکستان اپنی عوام کو جنگ اور اس کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی بھی کوشش کر رہی ہے، عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بڑھنے کے باوجود حکومت عوام پر یکدم تیل کی قیمتوں کا اضافی بوجھ نہیں ڈال رہی، عوام کو سبسڈی دیتے ہوئے کم سے کم متاثر ہونے اور سٹاک کو برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

عید کے موقع پر اپنے پیغام میں اختیار ولی خان نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں اور پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ 23 مارچ 1940 کو مسلم لیگ نے قیام پاکستان کا قراداد پیش کرتے ہوئے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن حاصل کیا۔

بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور ان کی رفقائے کار کے قائدانہ صلاحیتوں اور ہمارے اسلاف کی بے پناہ مالی و جانی قربانیاں کی بدولت پاکستان کو حاصل کیا گیا ہے۔ عید اور یوم پاکستان کے اس پرمسرت موقع کا یکجا ہونا کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی نابالغ مفروضوں پر حکومت چلانے کی کوشش کرتے رہے اور کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام کی قیام پاکستان میں کردار وقربانیوں کی تاریخ لازوال ہے مگر پی ٹی آئی کے مسلسل تیسری بار حکومت میں بھی خیبرپختونخوا اور عوام کی خوشحالی کےلیے عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے ہیں، صوبے کے وسائل کو سزایافتہ قیدی پر صرف کیا جا رہا ہے جو صوبے اور اس کے عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینے کو بھی پی ٹی آئی نے نہیں بخشا اور اس کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے رمضان پیکج کے نام پر کرپشن کرتے ہوئے اپنے کارکنان کو نوازا گیا۔ اختیار ولی خان نے پوری قوم کو عید کی خوشیوں اور یوم پاکستان پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات