تحریک پاکستان کے کارکن ڈاکٹر رفیق احمد کی چھٹی برسی

جمعرات 26 مارچ 2026 22:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2026ء) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن ‘ سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی و سابق وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان ڈاکٹر رفیق احمد کی چھٹی برسی کے موقع پر ادارہٴ نظریہٴ پاکستان و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے عہدیداران وکارکنان نے سیکرٹری ناہید عمران گل کی قیادت میں ان کی قبر پر حاضری دی‘ پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔

اس موقع پر سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ محمد سیف اللہ چوہدری ‘نعیم احمد‘ پروفیسر محمد سعید شیخ و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ حافظ عثمان احمد نے مرحوم کے ایصال ثواب اور بلندئ درجات کیلئے دعا کروائی۔ سینئر وائس چیئرمین ادارہٴ نظریہٴ پاکستان و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا ڈاکٹر رفیق احمد نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے تحریک پاکستان میں سرگرم کردار ادا کیاجبکہ تعمیرِ پاکستان کیلئے ان کی خدمات بھی کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رفیق احمدکو یہ اعزاز حاصل تھا کہ وہ23 مارچ 1940ء کو لاہور میں اس تاریخ ساز اجلاس میں میں شریک تھے جہاں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تھی۔ پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے انہیں مجاہدِ پاکستان کا سرٹیفکیٹ دیا تھا۔اس ادارہ کو پروان چڑھانے میں ڈاکٹر رفیق احمد کا کردار ناقابل فراموش ہے‘ انہوں نے نظریہٴ پاکستان کی ترویج واشاعت کیلئے دن رات کام کیا ۔ ہم ان کے مشن کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں ۔