Live Updates

نو مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی ،بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 7 مئی تک توسیع

علیمہ خان ،عظمی خان ،مسرت جمشید ،جمشید چیمہ نے عدالت پیش ہو کر حاضری لگوائی ،اعظم سواتی ،اسد عمر کی حاضری معافی کی درخواست اب ایک ہی طریقہ ہے مزاحمت کرنی ہے، قریبی اضلاع کے دس ہزار عہداران منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر پہنچیں‘ علیمہ خان کی گفتگو

جمعہ 3 اپریل 2026 14:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2026ء) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی ،بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان ،عظمی خان سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 7 مئی تک توسیع کردی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے ڈیوٹی جج نے نو مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔دوران سماعت علیمہ خان ،عظمی خان ،مسرت جمشید اور جمشید چیمہ نے عدالت پیش ہو کر حاضری لگوائی جبکہ اعظم سواتی اور اسد عمر نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اعظم سواتی صحت کی خرابی جبکہ اسد عمر نے فلائٹ کی عدم دستیابی کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔ عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری معافی منظور کرلی اور تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 7مئی تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پراسیکیوشن سے ریکارڈ اور وکلا ء سے دلائل طلب کرلیے۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئیں ہیں کیونکہ ہم لوگ مسلسل برداشت کر رہے ہیں، ہماری ذمہ داری ہمارا بھائی ہے جس کی رہائی کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں، زیادہ سے زیادہ ہمیں مار ڈالیں یا جیلوں میں ڈالیں گے، ہم شہادت کے لئے تیار ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ ان کا ارادہ ہے کہ کئی سال تک بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نہ نکالا جائے اب ایک ہی طریقہ ہے کہ مزاحمت کرنی ہے، پی ٹی آئی کے کم ازکم 50 ،60 ہزار نوٹیفائڈ عہدیدار ہیں، صرف پنڈی ڈویژن کے پندرہ سے بیس ہزار لوگ ہیں، ہماری اپیل ہے کہ قریبی اضلاع کے دس ہزار عہداران منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر پہنچیں، جب تک دبائو نہیں بنائیں گے، بانی رہا نہیں ہوگا۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات