سردار ذوالفقار علی کھوسہ کی وفات سے سیاست میں بڑا خلا پیدا ہوا، خواجہ سعد رفیق

اتوار 12 اپریل 2026 20:56

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2026ء) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے،ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا،مشکل حالات میں انہوں نے مسلم لیگ ن کا بھرپور ساتھ دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز کھوسہ ہاوس ڈیرہ غازی خان میں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی وفات پر تعزیت اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ ایک جمہوریت پسند شخصیت تھے ۔انہوں نے کہاکہ مرحوم نے ہمیشہ اصولوں اور اقدار کی سیاست کی،جب مسلم لیگ ن پر مشکل وقت آیا تو سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ اور مخدوم جاوید ہاشمی نے پارٹی کا بھرپور ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا مرحوم سے دہائیوں پرانا تعلق تھا ، جب وہ پارٹی کے صوبائی صدر تھے تو میں اس وقت جنرل سیکرٹری تھا۔

انہوں نے کہاکہ سردار ذوالفقار علی نے ہمیشہ ہمیں سیاسی غلطیاں کرنے سے روکا اور ہمیں ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں دعا گو ہوں کہ اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔قبل ازیں خواجہ سعد رفیق کھوسہ ہاؤس پہنچے تو سردار دوست محمد خان کھوسہ، سردار سیف الدین اور سردار حسام الدین کھوسہ نے ان کا استقبال کیا۔