واپڈا کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کئے گئے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ محمد سعید تقریب کے مہمان خصوصی تھے

جمعرات 23 اپریل 2026 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2026ء) واپڈا کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں واپڈا ہائوس لاہور میں تقریب منعقد ہوئی۔ واپڈا سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین واپڈا /پیٹرن انچیف واپڈا سپورٹس بورڈ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ )محمد سعید تھے، جنہوں نے 2025ء اور 2026ء میں عالمی اور بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے میڈلز حاصل کرنے والے واپڈا کھلاڑیوں میں واپڈا سپورٹس بورڈ کی پالیسی کے مطابق نقد انعامات تقسیم کئے۔

ممبرز واپڈا، جنرل منیجر واپڈا سپورٹس بورڈ، ایڈوائزر سپورٹس واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے آفیسرز تقریب میں شریک ہوئے۔ جیولن تھرو میں نقد انعام پانے والے واپڈا کھلاڑیوں میں ارشد ندیم اور یاسر سلطان جبکہ جوجٹسو میں نقد انعامات حاصل کرنے والوں میں بانو کوثر، اسرا وسیم، کائنات عارف اور علی راشد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں 2026ء میں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ-Iجیتنے والی واپڈا کرکٹ ٹیم کو بھی نقد انعامات دیئے گئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کیلئے کامیابیاں سمیٹنے اور قوم کا سر فخر سے بلند کرنے پر واپڈا کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اپنے عزم، محنت اور سخت تربیت کی بدولت بین الاقوامی مقابلوں میں اپنی کارکردگی کے معیار کو مزید بہتر بنائیں گے۔ چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واپڈا اس ضمن میں اپنے کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کریگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ واپڈا اپنی سماجی ذمہ داری کے تحت کم و بیش 50سال سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ 2022ء سے اب تک واپڈا کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 91گولڈ میڈلز، 28سلور میڈلز اور 36برونز میڈلز حاصل کئے ہیں۔ ان بین الاقوامی مقابلوں میں پیرس اولمپکس، پیرالمپک گیمز، کامن ویلتھ گیمز، اسلامک سالیڈیریٹی گیمز، ایشین گیمز، ایشین چمپئن شپس اور ساوتھ ایشین چیمپئن شپس بھی شامل ہیں۔