بھکر ،چیف منسٹر پاپولیشن مینیجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام کے سلسلے میں بھکر میں آگاہی پروگرام

جمعرات 30 اپریل 2026 13:06

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) سی ای او محکمہ صحت و آبادی بھکر ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ کی ہدایت پر"چیف منسٹرپاپولیشن مینیجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام" کے تحت گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج 47/TDA بھکر میں تیزی سے بڑھتی ہوئ آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل بارے آگاہی عام کرنے کیلئے اور اس ضمن میں طلباء و طالبات کا تعاون حاصل کرنے کیلئے خصوصی ڈاکومینٹریز دکھائی گئیں اور آگاہی سیشن کا بھی انعقاد ہوا۔

پرنسپل کالج پروفیسر محمد شہزاد ساجد نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت و آبادی کے زیر انتظام ان سیشز کے انعقاد کا بنیادی مقصد آبادی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے کالجز کے طلباء کو متحرک کرنا اورتیزی سے بڑھتی آبادی کے مسئلے کے حل میں نوجوانوں کے کردار کی اہمیت پر مبنی دستاویزی فلموں کی نمائش کرنا بھی ہے اورطلباء کو آبادی کے مسائل اور ان کے حل کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے فعال فریق بھی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مذید کہا کہ پاکستان میں تیزی سے بڑھتی ہوئ آبادی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ شہریوں کوتعلیم،روزگار،رہائش،صحت،تفریح کی سہولیات اور بہتر مستقبل دینا ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہ صرف اسی صورت ممکن ہے جب آبادی اور وسائل میں توازن ہو۔آبادی کو ایک خاص حد تک رکھ کر ہی معاشی ترقی کے اہداف کا حصول ممکن ہے۔متوازن خاندان خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کے حصول کیلئے ہمیں آبادی اور وسائل میں توازن رکھنا ہوگا۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر مرید اصغر خان، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان اعوان، کالج پروفیسرز اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر مرید اصغر خان اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر محمد رمضان اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ، طلباء اور کیمونٹی کے افراد کو چاہیئے کہ بڑھتی ہوئ آبادی، اس سے پیدا ہونے والے مسائل اور صحت مند اور متوان خاندان کی اہمیت بارے عوام میں آگہی پیدا کریں ۔

اس مسئلے سے نبٹنے کیلئے سوسائٹی کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آبادی اور وسائل میں توازن پیدا ہو اور ملک معاشی و معاشرتی طور پہ ترقی کی راہ پہ گامزن ہو سکے۔شرکاء سیشن نے اس قومی مسئلے کی اہمیت کو اجاگر کرنے پر محکمہ صحت و آبادی کی کاوش کو سراہا اور اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔\378