مکہ و مدینہ میں 21 پاکستانی کلینکس فعال: 1700 عازمین کا معائنہ،ادویات کی فراہمی،مجموعی طور پر 422 طبی ماہرین حج میڈیکل مشن کا حصہ ہونگے

جمعہ 1 مئی 2026 19:48

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2026ء) پاکستان حج میڈیکل مشن کے ماہر طبی عملے نے مکہ اور مدینہ میں قائم 21 کلینکس میں اب تک 1700 عازمینِ حج کا معائنہ کر کے انہیں ضروری ادویات فراہم کی ہیں۔ حج 2026 کے لیے ارضِ مقدس میں مرحلہ وار پہنچنے والے ایک لاکھ 19 ہزار پاکستانی عازمینِ حج کو علاج و معالجے کی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 422 طبی ماہرین پر مشتمل 'پاکستان میڈیکل مشن' شب و روز خدمات سرانجام دے گا۔

اس عظیم مشن کا بنیادی مقصد حجاجِ کرام کو ان کی قیام گاہوں کے قریب ترین اور چوبیس گھنٹے (24/7) فوری طبی ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔سربراہ پاکستان میڈیکل حج مشن ڈاکٹر کرنل توقیر نے مکہ مکرمہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشن سرکاری سکیم کے تمام عازمین کو ان کی دہلیز پر علاج کی بہترین سہولت باہم پہنچانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ طبی آپریشن کے پہلے مرحلے میں 186 ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل ٹیم نے 14 اپریل سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی تھیں، جس کے نتیجے میں محض چند ایام کے اندر 1700 عازمین کو او پی ڈی کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔حجاج کی سہولت کے لیے طبی عملے اور کلینکس کو دونوں مقدس شہروں میں تزویراتی طور پر تقسیم کیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں اب تک 18 کلینکس مکمل فعال ہیں جہاں 70 ڈاکٹرز اور 83 پیرا میڈیکل سٹاف تعینات ہے۔مدینہ منورہ میں 3 کلینکس میں 12 ڈاکٹرز اور 21 پیرا میڈیکس پر مشتمل طبی عملہ خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ڈاکٹر کرنل توقیر نے واضح کیا کہ عازمینِ حج کی آمد کے تناسب سے حج میڈیکل مشن کی مزید ٹیمیں بھی مرحلہ وار مکہ اور مدینہ پہنچیں گی تاکہ بڑھتی ہوئی تعداد کو بہترین طبی کور فراہم کیا جا سکے۔ مکہ مکرمہ میں مقیم پاکستانی حجاج نے ان منظم انتظامات اور پاکستانی ڈاکٹروں کی موجودگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک کامیاب حج آپریشن قرار دیا ہے۔\395