Live Updates

عالمی منڈیوں میں الیکٹرک کاروں کی فروخت میں بڑی کمی

اتوار 3 مئی 2026 09:12

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2026ء) عالمی منڈیوں میں الیکٹرک کاروں کی فروخت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس بات کا انکشاف اقتصادی مشاورتی کمپنی پرائس واٹر ہاؤس کوپر نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں کیا ہے۔ العربیہ کے مطابق رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران امریکا جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے توانائی کے بحران اور عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کے باوجود رواں برس کی پہلی سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں الیکٹرک کاروں کی فروخت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

اقتصادی مشاورتی کمپنی پرائس واٹر ہاؤس کوپر کے تجزیے کے مطابق 43 بڑی عالمی منڈیوں میں الیکٹرک کاروں کی تعداد تقریباً 2.7 ملین رہی جو کہ 2025 کے اسی عرصے کے مقابلے میں ایک فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ گراوٹ غیر معمولی ہے کیونکہ الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت کے اعداد و شمار میں مسلسل نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جاتا رہا ہے اور 2025 کے پورے سال کے دوران ان کی فروخت میں تقریباً ایک تہائی اضافہ ہوا تھا۔

اعداد و شمار میں اس کمزوری کی بنیادی وجہ چین میں ہونے والی تبدیلیاں ہیں جو الیکٹرک کاروں کی دنیا میں سب سے بڑی منڈی ہے۔ کمپنی نے وہاں 1.32 ملین الیکٹرک کاریں ریکارڈ کیں جو گذشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں جبکہ امریکا میں یہ کمی نسبتاً زیادہ شدید رہی جہاں فروخت 23 فیصد گر کر تقریباً 2 لاکھ 33 ہزار گاڑیوں تک پہنچ گئی۔

دنیا کے دیگر خطوں میں ہونے والا اضافہ اس بڑی کمی کا ازالہ نہ کر سکا، اگرچہ یورپ بالخصوص یورپی یونین بشمول برطانیہ، آئس لینڈ، لیختنشٹائن، ناروے اور سوئٹزرلینڈ میں فروخت 26 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 7 لاکھ 24 ہزار گاڑیوں تک پہنچ گئی جس کے پیچھے اہم عوامل جرمنی اور فرانس میں ہونے والی ریکارڈ فروخت تھی۔حتمی اعداد و شمار میں کمی کے باوجود عالمی سطح پر الیکٹرک کاروں کی اہمیت میں اضافہ جاری ہے جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ احتراقی انجن والی روایتی گاڑیوں کی فروخت میں 8 فیصد کمی آئی ہے جو کہ الیکٹرک کاروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ بڑی گراوٹ ہے۔

پرائس واٹر ہاؤس کوپر کے مطابق الیکٹرک کاروں کا مارکیٹ شیئر تقریباً 16 فیصد رہا جو کسی بھی سال کی پہلی سہ ماہی میں ریکارڈ کی گئی اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات