بھارت، رہائشی عمارت میں اے سی پھٹنے سے خوفناک آتشزدگی، 9افراد ہلاک

آگ بجھانے کے عمل میں 14فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا اور درجنوں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، انتظامیہ

اتوار 3 مئی 2026 18:50

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2026ء) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی رہائشی عمارت میں مبینہ طور پر اے سی پھٹنے سے آگ لگنے کے بعد 9 افراد ہلاک ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے علاقے وویک وہارمیں ایک رہائشی عمارت کے دوسری منزل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری اور چوتھی منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ ادارے فوری ریسکیو کرنے پہنچ گئے، آگ بجھانے کے عمل میں 14 فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا اور درجنوں لوگوں کو ریسکیو کیا گیا، 2گھنٹوں کی محنت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ حادثے میں 9 افراد ہلاک ہوئے جن کی شناخت کرلی گئی ہے۔مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی البتہ رہائشیوں کی جانب سے دعوی کیا جارہا ہے کہ یہ آگ مبینہ طور پر اے سی پھٹنے کی وجہ سے لگی تاہم معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔