گورنر سندھ کی سفارتی عشائیے میں شرکت، کراچی کی مہمان نوازی کو سراہا

ودہ عالمی اور خلیجی خطے کی حساس صورتحال کے باوجود مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور نمایاں شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا قابلِ تحسین ہے،نہال ہاشمی

اتوار 3 مئی 2026 20:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2026ء) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کراچی میں منعقدہ ایک باوقار سفارتی عشائیے میں شرکت کی اور شہر کی روایتی مہمان نوازی کو سراہا۔یہ عشائیہ معروف کاروباری شخصیات اطہر اقبال اور عرفان فدو کی جانب سے ڈیفنس ہاسنگ اتھارٹی (DHA) میں ان کی رہائش گاہ پر دیا گیا، جو سفارتی برادری، سیاسی قیادت اور کاروباری شخصیات کے درمیان مکالمے کا اہم موقع ثابت ہوا۔

تقریب میں ڈین آف ڈپلومیٹک کور اور عمان کے قونصل جنرل سمیع عبداللہ سلیم الخنجری سمیت مختلف ممالک کے سفارتکار شریک ہوئے۔ ان میں برطانیہ، چین، روس، تھائی لینڈ، ملائیشیا، ویتنام، سری لنکا، قطر، بحرین، کویت، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، عراق اور بنگلہ دیش کے نمائندگان شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ Jaesun Uh، ڈائریکٹر جنرل کوریا ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن ایجنسی (KOTRA) نے بھی شرکت کی۔

مہمانوں میں نثار احمد کھوڑو، ایم این اے فرحان چشتی، ایم پی اے الہی وسان، فضل کریم دادا بھائی، حمزہ تابانی، فیض اللہ کوریجو، فرحان عیسی، ریحان ہاشمی، سید تراب شاہ، بابر عباسی، محسن فیروز، عبدالحمید اسلم، ڈاکٹر حسین تھیبو، قیصر عباس، جنید نقوی، علی گلفراز، زاہد کیرانی اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے میزبانوں کو کامیاب اور باوقار تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی اور خلیجی خطے کی حساس صورتحال کے باوجود مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور نمایاں شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب ہماری برداشت، رواداری اور مہمان نوازی کا عملی مظہر ہے، جہاں مختلف پس منظر رکھنے والے افراد ایک پرامن ماحول میں تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔

تقریب میں شریک غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی اس موقع کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات انہیں سفارتی اور جغرافیائی سیاسی امور پر غیر رسمی ماحول میں گفتگو کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کراچی کے عوام کی گرمجوشی اور مہمان نوازی کو بھی سراہا۔میزبانوں کی جانب سے منعقدہ اس عشائیے کو بین الاقوامی روابط کے فروغ اور کراچی کو سفارتی سرگرمیوں کے اہم مرکز کے طور پر اجاگر کرنے کی مثبت کوشش قرار دیا گیا۔