محمد شعیب نے تاریخ رقم کر دی، آئی ٹی ایف فیوچرز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کر لیا

اتوار 3 مئی 2026 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2026ء) پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسٹار محمد شعیب نے پاکستان ٹینس کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے درج کروا لیا، جب انہوں نے پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس، اسلام آباد میں منعقدہ فلیئر ٹریول آئی ٹی ایف مینز فیوچرز ایم-15 چیمپئن شپ 2026 (مرحوم خواجہ افتخار احمد کی یاد میں) کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا۔

ایک سنسنی خیز فائنل میں شعیب نے روس کے نکیتا ایانن کو 7-6(7)، 4-6، 6-2 سے شکست دی، جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ میچ دیکھا۔ یہ شاندار کامیابی 20 سالہ طویل انتظار کا خاتمہ ہے، کیونکہ محمد شعیب، اعصام الحق قریشی اور عقیل خان کے بعد آئی ٹی ایف فیوچرز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ فتح پاکستان ٹینس کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے اور بین الاقوامی سطح پر مقامی ٹیلنٹ کی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔

اس باوقار بین الاقوامی ایونٹ میں 23 ممالک کے 70 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جن میں پاکستان، کویت، روس، ازبکستان، سویڈن، آسٹریا، ملائیشیا، برطانیہ، اٹلی، لتھوانیا، چین، ترکیہ، الجیریا، کینیڈا، امریکہ، آئرلینڈ، پولینڈ، ہانگ کانگ، نیپال، یونان، سعودی عرب، لبنان اور جاپان شامل ہیں۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد شعیب نے کہاکہ وہ اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے مجھے اپنے ملک کا نام روشن کرنے کا موقع دیا، یہ ایک شاندار فائنل تھا اور ان شاء اللہ میں اپنی اس کارکردگی کو برقرار رکھوں گا۔

انہوں نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل کا مسلسل تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل پی ٹی ایف ضیاء الدین طفیل سمیت پوری انتظامیہ نے محمد شعیب کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔ اعصام الحق قریشی نے کہا مجھے بہت خوشی ہے کہ ایک طویل عرصے کے بعد میرے اور عقیل خان کے بعد، شعیب نے ہوم گراؤنڈ پر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

فیڈریشن کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور یہ نتائج انہی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ پاکستان میں بین الاقوامی ٹورنامنٹس کے انعقاد سے ہمارے کھلاڑیوں کو اے ٹی پی پوائنٹس حاصل کرنے کے مواقع مل رہے ہیں اور اب اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنامنٹ میرے لیے بہت خاص ہے کیونکہ یہ میرے مرحوم دادا خواجہ افتخار احمد کی یاد میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

مجھے خاص خوشی ہے کہ سنگلز اور ڈبلز دونوں ٹائٹلز پاکستانی کھلاڑیوں نے جیتے، جس سے اس کامیابی کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔اعصام الحق قریشی اور ضیاء الدین طفیل نے تمام اسپانسرز، میڈیا پارٹنرز، پی ٹی وی اسپورٹس، مائیکو، جیو سپر اور اسلام آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ایونٹ کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔