سعودی عرب کی جانب سے غزہ میں خوراک کے 24 ہزار پیکٹ تقسیم

پیر 4 مئی 2026 11:04

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) سعودی عرب کے شاہ سلمان امدادی مرکز کے تحت چلنے والے مرکزی باورچی خانے نے غزہ کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں 24,800 گرم غذائی پیکٹس تقسیم کیے ۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ امداد غزہ میں فلسطینیوں کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے شاہ سلمان امدادی مرکز کے ذریعے مملکت کی کوششوں کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر سعودی عرب غزہ کی انسانی صورتحال کے پیش نظر فلسطینی عوام کی امداد کی مہم کے تحت فضائی، بحری اور زمینی امدادی پلوں کو تیز کر رہا ہے۔

اس مہم کا مقصد انسانی اور امدادی پروگراموں کے نفاذ کے ذریعے جانیں بچانا اور مصائب کو کم کرنا ہے۔ ان امدادی پروگراموں میں غذائی تحفظ، پناہ گاہ، طبی سامان، سماجی بحالی اور متاثرہ تنصیبات و بنیادی ڈھانچے کی بحالی شامل ہے۔