میٹرک بور ڈکے تحت سالانہ عملی (پریکٹیکل)امتحانات کا شیڈول جاری

مئی سے 22مئی تک منعقد ہوں گے،5مئی سے د یئے گئے شیڈول کے مطابق عملی (پریکٹیکل)امتحانات کاسامان جاری کیا جائے گا

پیر 4 مئی 2026 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2026ء) کراچی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے اعلامیہ کے مطابق نہم و دہم جماعت سائنس و جنرل گروپ ریگولر کے سالانہ عملی (پریکٹیکل)امتحانات 12مئی سے 22 مئی2026 تک منعقد کئے جائیں گے۔ یہ بات چیئرمین میٹرک بورڈغلام حسین سوہو نے ناظم امتحانات احمد خان چھٹو کو خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہی۔ ناظم امتحانات نے کہا کہ بورڈ سے الحاق شدہ اسکولوں کے سربراہان اپنی سہولت کے مطابق طلبا و طالبا ت کے عملی امتحانات دیئے گئے شیڈول کے اندر ہی لے سکتے ہیں۔

2025 یا اس سے پہلے کے امیدوار بھی عملی امتحان اپنے اسکولوں میں ہی دیں گے۔تفصیلات کے مطابق بورڈ کے آفیشل پورٹل پر پریکٹیکل کی ایوارڈ لسٹ اور حاضری شیٹ آن لائن اپ لوڈکر دی جائے گی تمام اسکول بورڈ کے آن لائن آفیشل پورٹل پر دی گئی ایوارڈ لسٹ پر صرف امیدواروں کے رول نمبر اور حاصل کردہ نمبروں کا اندراج کر کے اپ لوڈ کریں گے جبکہ پورٹل سے حاضری شیٹ کو ڈان لوڈ کرنے کے بعد طلبا و طالبات کے رول نمبراور حاضری کے کالم کو پر کر یں گے۔

(جاری ہے)

لہذا تمام اسکول حاضری شیٹ اور پریکٹیکل کی کاپیاں امتحان لینے کے بعد تین دن کے اندر اندر بورڈ کے پریکٹیکل سیکشن میں لازمی جمع کروائیں۔بعد ازاں عملی (پریکٹیکل) امتحانات سے متعلق تمام سامان بھی تیار کیا جا چکا ہے جس کی تفصیلات درجہ ذیل ہے۔5اور 6مئی کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد۔7اور 8 مئی کوجمشید ٹان، گلشن اقبال،شاہ فیصل۔

9مئی کو ملیر، بن قاسم،لانڈھی، کورنگی۔10مئی کو صدر، لیاری، کیماڑی اور11مئی کو بلدیہ، سائٹ، اورنگی،گڈاپ حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ہفتہ اور اتوار کوصبح10:00بجے سے 4:00 بجے تمام اسکول پریکٹیکل امتحانات کا سامان لے سکتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ تمام الحاق شدہ اسکول سربراہان پریکٹیکل میٹریل کا سامان حاصل کرنے کیلئے بورڈ کے آفیشل پورٹل سے پریکٹیکل کا پروفارما ڈان کریں گے اور پروفارما میں ہر پریکٹیکل مضمون کے امتحان میں شریک امیدواروں کی تعدادکی الگ الگ فہرست درج کریں گے۔

مزیدبراں اسکولوں کے سربراہان یا ان کے نمائندے اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، آفس کارڈ اورتصدیق شدہ پریکٹیکل پروفارما کے ہمراہ امتحانی سامان بورڈ آفس کے ایگزامینشن اسٹور سے صبح 10:00بجے سے شام 4:00بجے تک متعلقہ تاریخوں میں حاصل کر سکتے ہیں۔ تمام امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ عملی امتحانات کے دن پریکٹیکل جنرل اپنے ہمراہ لازمی لائیں۔