اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، تیل تنصیبات کی سکیورٹی کا جائزہ، حکومت کا توانائی ڈھانچے کے تحفظ کا اعادہ

پیر 4 مئی 2026 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2026ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں آئل ریفائنریوں اور تیل ذخیرہ کرنے کی سہولیات کی سکیورٹی کے جائزہ سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے ملک بھر میں ریفائنریوں اور تیل ذخیرہ کرنے کی دیگر سہولیات کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔

نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کمیٹی کے کوآرڈینیٹر نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ سٹریٹجک سہولیات کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے تمام متعلقہ فریقوں بشمول ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ مشاورت اور ہم آہنگی کے ساتھ ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اضافی حفاظتی اقدامات کے اخراجات آئل مارکیٹنگ کمپنیاں برداشت کریں گی۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سکیورٹی کے موجودہ انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں بلاتعطل ایندھن کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے اہم توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کےلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیر مملکت برائے خزانہ، پٹرولیم اور داخلہ کے وفاقی سیکرٹریز سمیت وفاقی و صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔