پنجاب میں مفت سفری سہولت، ایک ماہ میں تقریباً 4 کروڑ مسافروں کی نئی ریکارڈ رائڈر شپ

منگل 5 مئی 2026 16:06

پنجاب میں مفت سفری سہولت، ایک ماہ میں تقریباً 4 کروڑ مسافروں کی نئی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) پنجاب میں مفت سفری سہولت سے رائڈر شپ کی نئی تاریخ رقم ہوگئی، مشکل گھڑی میں عوام کو سہولت فراہم کرنے کا عزم جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق 4اپریل سے 4مئی تک ایک ماہ میں تقریباً 4کروڑ مسافروں نے مفت سفری سہولت حاصل کی۔ میٹرو بس سروسز، اورنج لائن میٹرو ٹرین، اسپیڈو اور الیکٹرک بسوں سے ہر طبقے کو فائدہ حاصل ہوا۔

ایک ماہ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین سے 1کروڑ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔ لاہور میٹرو بس سروس سے تقریباً ساڑھے 64 لاکھ جبکہ اسپیڈو بسوں سے 45 لاکھ سے زائد مسافروں کو فری سفر کی سہولت حاصل ہوئی۔پی ایم اے کے تحت لاہور میں چلنے والی گرین الیکٹرک بسوں سے 6لاکھ زائد مسافرں نے فری سفر کیا۔راولپنڈی میں گرین الیکٹرک بسوں سے تقریباً 9لاکھ 25ہزار جبکہ پاکستان میٹرو بس سروس سے تقریباً 37لاکھ سے زائد مسافر مستفید ہوئے۔

(جاری ہے)

ملتان میٹرو بس سسٹم سے ساڑھے 30لاکھ سے زائد جبکہ فیڈر روٹس سے تقریباً پونے 7لاکھ مسافروں نے سفر کیا۔پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے تحت مختلف اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں میں 90لاکھ سے زائد مسافروں نے سفر کیا۔وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ پنجاب بلال اکبر خان نے تقریباً 40ملین مسافروں کو کامیابی سے مفت سفری سہولت فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کو مسافروں کو تمام سہولیات کی فراہمی اور شکایات دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ غیر معمولی رش کے باوجود مسافروں کو فری سفری سہولت بغیر کسی رکاوٹ کے کامیابی سے فراہم کی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ فوری اقدامات اٹھاتی ہیں۔بلال اکبر خان نے کہا کہ فری سفری سہولت سے ہر عمر، طبقے اور ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مزدور، ملازم، اسٹوڈنٹس اور بزرگ و خواتین ہر کوئی مفت سفری سہولت سے مستفید ہوا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کی خوشحالی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سینکڑوں الیکٹرک بسیں پنجاب کے تمام اضلاع میں چلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔