وزیراعظم اے جے کے سے پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری محمد یاسین کی ملاقات ، مجموعی سیاسی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا

منگل 5 مئی 2026 17:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین نے ملاقات کی جس دوران مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، حکومتی کارکردگی اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے مختصر عرصہ اقتدار میں عوامی خدمت، تعمیر وترقی اور جمہوری اقدار کے فروغ کو اپنی ترجیح رکھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی حکومت نے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے شروع کیے، جن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دیتی آئی ہے اور آئندہ بھی یہی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی اور دوبارہ حکومت بنائے گی۔ چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے ثمرات سب کے سامنے ہیں، پیپلز پارٹی کو آزادکشمیر میں مشکل حالات میں ذمہ داری ملی لیکن اس کی حکومت نے خدمت اور عزم کے مشن کےساتھ نہ صرف سیاسی نظام کو دوبارہ بحال کیا بلکہ عرصے سے زیر التوا مسائل کا بھی حل کیا، پیپلز پارٹی کے موجودہ مختصر عرصہ اقتدار میں مثالی تعمیر و ترقی ہوئی۔

چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں ترقیاتی منصوبوں، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جس کی وجہ سے عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آئندہ انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔\932