شہر قائد میں نامعلوم افراد کی لاشیں ملنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ

منگل 5 مئی 2026 18:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2026ء) شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نامعلوم افراد کی لاشیں ملنے کے واقعات نے تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ تازہ واقعہ قائدہ آباد کی مدنیہ کالونی میں عائشہ مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں سڑک کنارے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جبکہ متوفی کی عمر تقریباً 50 سال بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

لاش کو ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کے ذریعے قریبی تھانے منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں ابتدائی طور پر موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ پولیس اور متعلقہ ادارے ان واقعات کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔