صوابی ،جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک شروع، پٹرولیم قیمتوں، لوڈشیڈنگ ،کسانوں کے حقوق پر حکومت کی ناکامی پر شدید تنقید

منگل 5 مئی 2026 20:59

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) جماعت اسلامی پاکستان ضلع صوابی نے بدل دو نظام، حق دو صوابی کو کے عنوان سے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں منگل کو امن چوک صوابی میں ایک بڑی ریلی اور مظاہرہ ہوا، جس میں سیاسی، مذہبی اور کسان رہنماں نے شرکت کی۔مقررین نے صوبائی اور مرکزی حکومت پر مہنگائی، بجلی اور گیس کی ناروا لوڈشیڈنگ، سی این جی پمپس کی مسلسل بندش، اور چھوٹے کسانوں کے حقوق پر نظرِ ثانی نہ کرنے پر سخت تنقید کی۔

مظاہرے سے امیر جماعت اسلامی صوابی مفتی مراد احمد، سیاسی کمیٹی کے صدر واجد علی شاہ ایڈوکیٹ، سابق ضلع نائب ناظم سعید زادہ یوسفزئی، نائب امیر ضلعی محمود الحسن، کسان بورڈ کے سرپرست افتخار باچہ، قومی وطن پارٹی کے ضلعی صدر عبدالجبار مسعود، سی این جی یونین کے صدر منور باچہ اور انجمن دکانداران کے صدر سمیت دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوابی میں کسانوں کو ان کا حق نہیں دیا جا رہا اور کمپنیاں بڑے زمین داروں کے ساتھ مل کر چھوٹے کسانوں کے حقوق غصب کر رہی ہیں۔ سی این جی کی بندش سے عام رکشہ ڈرائیور اور دیگر منسلک کاروبار متاثر ہو رہے ہیں جبکہ بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ مظاہرین نے کہا کہ تربیلہ کی پیداوار سے سب سے پہلے صوابی کے عوام کو حق ملنا چاہیے، لیکن موجودہ نظام میں انہیں محروم رکھا گیا ہے۔

مزید براں، مقررین نے صوبے میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عظیم عالم شیخ ادریس کو دن دہاڑے شہید کر دیا گیا، اور مرکزی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو تحفظ اور امن فراہم کیا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اپنے حقوق کے حصول کیلئے باہر نکلیں اور اپنا حق حاصل کریں۔