”اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم“ بے زمین اور بے روزگار کاشتکاروں کیلئے تاریخی اقدام ثابت ہو گی، کمشنر

منگل 5 مئی 2026 20:22

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زرعی و معاشی خوشحالی کیلئے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم“ بے زمین اور بے روزگار کاشتکاروں کیلئے تاریخی اقدام ثابت ہو گی۔وہ منگل کو گورنمنٹ ہائی اسکول چنن پیر، تحصیل یزمان میں منعقدہ چولستانی فارمر گیدرنگ کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے، جہاں چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی خالد محمود ججہ، رکن صوبائی اسمبلی بہاول نگر میاں فدا حسین وٹو،سابق سینیٹر چوہدری سعود مجید، ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہد حسین کلیانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنر یزمان سجاد احمد، ڈائریکٹر زراعت جمیل احمد غوری و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر بہاولپور ڈویژن نے بتایا کہ اسکیم کے تحت چولستان میں 16 ہزار 685 زرعی لاٹ فراہم کی جائیں گی جن سے ایک لاکھ ایک ہزار 111 خاندان مستفید ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چولستان میں مجموعی طور پر 83 ہزار 425 ایکڑ اراضی آبپاشی اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختص کی گئی ہے۔ صوبے کے دیگر اضلاع میں 13 ہزار 812 لاٹس کے ذریعے 88 ہزار 780 خاندانوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اسکیم کے آن لائن پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے اور اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں تقریباً 160 ارب روپے مالیت کی زرعی اراضی بے زمین کاشتکاروں میں تقسیم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زرعی اراضی کی نشاندہی پانی کی دستیابی، آبپاشی کے نظام اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے تاکہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ کمشنر بہاولپور نے کہا کہ ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40 لاکھ روپے مالیت کی زرعی اراضی کاشت کیلئے دی جائے گی جبکہ آبادکاری کیلئے فی ایکڑ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک ون ٹائم گرانٹ بھی فراہم کی جائے گی تاکہ زمین کو قابلِ کاشت بنایا جا سکے۔

زرعی اراضی 10 سال کی مدت کیلئے فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ خواہشمند کاشتکار 18 مئی تک سرکاری ویب پورٹل akarpunjabgovt.pk پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ یکم جون سے 8 جون تک ڈپٹی کمشنر کے پاس اپیل دائر کی جا سکے گی، 19 جون کو حتمی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 30 جون سے زمین کی تقسیم کا آغاز ہو گا۔کمشنر بہاولپور نے واضح کیا کہ ایک سے زائد درخواست گزار ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے ذریعے شفاف انتخاب کیا جائے گا۔

الاٹ کی جانے والی اراضی صرف زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہوگی اور کسی قسم کی پختہ تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم کاشتکار اپنی مرضی کی فصل کاشت کرنے کے مجاز ہوں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہر زرعی لاٹ کے ساتھ محکمہ زراعت کا ایک ایگریکلچر آفیسر اور زرعی انٹرنی منسلک کیا جائے گا جو کاشتکاروں کو فنی معاونت فراہم کریں گے، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل کمیٹی سال میں دو مرتبہ دورہ کر کے اراضی کے استعمال اور کاشتکاری کا جائزہ لے گی۔کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ”اپنا کھیت، اپنا روزگار اسکیم“ نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ کرے گی بلکہ دیہی معیشت کو مستحکم بنانے اور بے روزگاری کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔