راولپنڈی سکیورٹی گارڈز تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، ٹریفک معطل

چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو چکا ہے، مظاہرین تنخواہوں کی ادائیگی نجی سیکیورٹی کمپنیوں کی ذمہ داری، ہسپتا ل انتظامیہ …ہسپتال سیکیورٹی کمپنی کو گزشتہ جولائی سے پیمنٹ نہیں کررہے اس لئے تنخواہیں تاخیر کا شکار ہیں، ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ

منگل 5 مئی 2026 21:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) راولپنڈی میں سرکاری ہسپتالوں کے سکیورٹی گارڈز تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور مری روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دی۔مظاہرین نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جبکہ ایم پی اے ضیا اللہ شاہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

مظاہرین نے کہا کہ الائیڈ ہسپتالوں کی سکیورٹی نجی کمپنی کے پاس ہے جو حکومت سے فی گارڈ 45ہزار روپے ماہانہ وصول کر رہی ہے، مگر گارڈز کو صرف 25ہزار روپے تنخواہ دی جاتی ہے اور وہ بھی بروقت ادا نہیں کی جاتی۔مظاہرین نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں 4ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ احتجاج کے دوران ایک سکیورٹی گارڈ چاچا اورنگزیب کو دل کا دورہ پڑا جنہیں فوری طور پر بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایم ایس ڈاکٹر شرجیل سرفراز شیخ کے مطابق ان کی حالت اب بہتر ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ اس معاملے پر خاموشی اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی گارڈز کی تنخواہوں کی ادائیگی متعلقہ نجی سکیورٹی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے جبکہ ایم پی اے ضیا اللہ شاہ نے کہا ہے کہ تنخواہوں کا مسئلہ اس لئے درپیش ہے کہ ہسپتال میری سیکیورٹی کمپنی کو گزشتہ جولائی سے پیمنٹ نہیں کررہے اس لئے تنخواہیں تاخیر کا شکار ہیں۔