مقبوضہ جموںوکشمیر،کانگریس کا بڑھتے ہوئے شہری مسائل اظہار تشویش

یہ تمام تر ابتر صورتحال انتظامہ کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے،قائمقام صدررمن بھلا

بدھ 6 مئی 2026 13:57

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کانگریس نے بنیادی شہری مسائل اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری کو حل کرنے میں ناکامی پر بھارتی انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کی مقبوضہ علاقے کی شاخ نے اپنا ماہانہ اجلاس جموں میں منعقد کیا جس کی صدارت قائمقام صدر رمن بھلا نے کی۔

(جاری ہے)

بھلا نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو پانی کی قلت، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، تباہ شدہ سڑکوں، سیوریج کے ناقص نظام اور صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کیا کہ یہ تمام تر ابتر صورتحال انتظامہ کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ رمن بھلا نے بڑھتی ہوئی بے روزگاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمت کے ٹھوس مواقع کی کمی اور بھرتیوں میں تاخیر نے نوجوانوں میں شدید مایوسی پھیلائی ہے، جبکہ مہنگائی نے معاشی طور پر کمزور گھرانوں کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔