بھارت میں ریاستی انتخابات ، کانگریس کے جیتنے والے زیادہ تر امیدوار مسلمان رہے

بدھ 6 مئی 2026 14:14

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) بھارت میں آسام ، کیرالہ، مغربی بنگال اور تامل ناڈو کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے جو امیدوار کامیاب ہوئے ان میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کے رپوٹس میں کہا گیا ہے کہ آسام میں کانگریس کے 19ارکان منتخب ہوئے جن میں سے 18مسلمان ہیں، کانگریس نے کل 20مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا جن میں سے اٹھارہ جیت گئے۔

(جاری ہے)

ریاست میں کانگریس کے 79 غیر مسلم امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے تھے جن میں صرف ایک امیدوار جیتا ۔ کیرالہ کی 140 رکنی اسمبلی کے لیے 35مسلم ارکان منتخب ہوئے ، ان میں سے 30 کا تعلق کانگریس کی زیر قیادت یو ڈی ایف سے ہے، 8کانگریس ارکان اسمبلی مسلمان ہیں جبکہ دیگر 22مسلم ارکان کا تعلق کانگریس کی حلیف جماعت انڈین یونین مسلم لیگ سے ہے۔ مغربی بنگال میں کانگریس نے 2نشستیں جیتیں اور یہ دونوں مسلمان امیدوار تھے ۔ کانگریس نے مسلمانوں کو ٹی ایم سی (ترنمول کانگریس)سے زیادہ (63)ٹکٹ دیے تھے ، ٹی ایم سی نے 47مسلم امیدوار میدان میں اتارے تھے۔ تامل ناڈو میں کانگریس نے 2مسلمان امیدوار کھڑے کیے تھے جن میں سے 1جیت گیا۔