تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے معرکہ حق کے سلسلے میں ریلی کا انعقاد

بدھ 6 مئی 2026 15:09

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) تعلیمی بورڈ لاڑکانہ کی جانب سے معرکہ حق کے سلسلے میں ریلی نکالی گئی۔ بورڈ آفس سے لاڑکانہ سکھر مین روڈ تک نکالی جانے والی اس ریلی کی قیادت تعلیمی بورڈ کے چیئرمین خالد حسین مہر، کنٹرولر عبدالجبار جونیجو اور فیض ملاح نے کی۔ ریلی میں بورڈ کے ملازمین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

ریلی کے دوران پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے۔اس موقع پر چیئرمین خالد حسین مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2025 میں پاک فوج نے بھارتی فوج کی جارحیت کے بعد بھرپور جواب دے کر بھارت کو جانی و مالی نقصان پہنچایا تھا۔ اس واقعے کو ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہ ریلی نکالی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ بھارتی حملوں کا موثر جواب دے کر دشمن کو تاریخی شکست دیتی آئی ہے۔ مئی 2025 میں بھی بھارت نے بلا جواز پاکستان پر حملہ کیا اور ہمارے لوگوں کو شہید کیا، جس کے بعد پاک فوج نے بھارت کے کئی طیارے مار گرائے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ ایسی غلطی کی تو اسے اسی طرح شکست دی جائے گی۔ پاکستان کا عوام اپنی بہادر فوج کے ساتھ ہر موقع پر کھڑا ہے۔ یہ ریلی پاک فوج سے یکجہتی کے اظہار کے لیے نکالی گئی ہے۔