نو سال سے زیرِ التواکنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے،وفاقی وزیرِصحت

بدھ 6 مئی 2026 16:39

نو سال سے زیرِ التواکنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا جا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2026ء) وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال نے کہا کہ گزشتہ 9 سال سے زیرِ التواکنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ اب عملی طور پر شروع کیا جا رہا ہے، سعودی گرانٹ سے تعمیر ہونے والے اس ہسپتال کے لیے بین الاقوامی سطح پر بولی (ٹینڈرنگ) کا عمل شروع کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار کا انہوں نے کنگ سلمان ہسپتال منصوبے کی سائٹ کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 9 سال سے زیرِ التوا کنگ سلمان ہسپتال کی تعمیر کا منصوبہ اب عملی طور پر شروع کیا جا رہا ہے، سعودی گرانٹ سے تعمیر ہونے والے اس ہسپتال کے لیے بین الاقوامی سطح پر بولی (ٹینڈرنگ) کا عمل شروع کیا جائیگا، ابتدائی مرحلے میں تقریباً 7 ارب روپے کی لاگت سے 200 بیڈز پر مشتمل جدید ہسپتال تعمیر کیا جائے گا، جسے بعد ازاں توسیع دے کر 600 بیڈز تک بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز ماہ جولائی سے 24 گھنٹے کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اسے مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔انہوں نے صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران اسلام آباد کے ہسپتالوں میں 380 بیڈز کا اضافہ کیا جا چکا ہے جبکہ صحت سہولت پروگرام میں شامل 19 ہسپتالوں کو شامل کیا جائے تو مجموعی طور پر 6633 بیڈز کا اضافہ بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام ایک ایسا مؤثر اقدام ہے جس کا مقصد عوام کو بیماریوں سے بچانا ہے۔ وزیرِ صحت نے آبادی میں تیزی سے اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں ہر سال نیوزی لینڈ کی آبادی کے برابر اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔