صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے ریسرچ مینجمنٹ فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کا اجلاس کا انعقاد

جمعرات 7 مئی 2026 20:08

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل کمیٹی برائے ریسرچ مینجمنٹ فار سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر سید رضا اللہ شاہ،پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اعجاز احمد، نیشنل پروڈکٹیوٹی آرگنائزیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری اور یونیورسٹی آف سیالکوٹ کے ڈاکٹر اسلم ڈار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ لیب کی اپ گریڈیشن اور کمرشل لیب کے قیام کے حوالے سے تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔ صنعتی مسائل کے حل، ٹیکنالوجی کی نقشہ سازی اور جدت طرازی کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے والا ایک صنعتی تعلیمی تعاون کا پلیٹ فارم تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید احتشام مظہر اور چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر رضا اللہ شاہ کی تعلیمی اداروں اور پبلک سیکٹر کو ایک پیج پر لانے اور انڈسٹری اور اکیڈمیا کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

زوم لنک کے ذریعے عتیق الرحمان میمن، ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل، انجینئر علی بخش، ڈائریکٹر سی اے، اے آئی اور ٹریننگ پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی، نبیل امین ہیڈ آف کمپلائنس، نیشنل کمپلائنس سینٹر نے اجلاس میں شرکت کی۔ یونیورسٹی آف سیالکوٹ، گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ، یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور گرینڈ ایشین یونیورسٹی کے اکیڈمیا اور فیکلٹی سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔