ڈیجیٹل پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے،صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود

ہفتہ 9 مئی 2026 16:47

ڈیجیٹل پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے،صدر آئی سی سی آئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان ڈیجیٹل تبدیلی، معاشی استحکام اور عالمی سطح پر ملک کی پہچان کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔اے ڈبلیو ایس کلاؤڈ کلبز اور انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے اشتراک سے منعقدہ “اے ڈبلیو ایس اسٹوڈنٹ کمیونٹی ڈے اسلام آباد” کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں جدت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ دنیا تیزی سے کلاؤڈ کمپیوٹنگ، مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا بیسڈ معیشت کی طرف بڑھ رہی ہے، اس لیے پاکستان کو صرف ٹیکنالوجی کا صارف نہیں بلکہ اس کا تخلیق کار اور برآمد کنندہ بننا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا خواب نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے اور انہیں چاہیے کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، جدت اختیار کریں اور ملک کی ڈیجیٹل ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ادارہ اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور نوجوانوں پر مبنی منصوبوں، اسٹارٹ اپس اور تربیتی پروگراموں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے “ سٹوڈنٹ کمیونٹی ڈے” جیسے ایونٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام طلبہ میں انٹرپرینیورشپ اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے تقریب کے منتظمین اور مختلف تعلیمی و کاروباری شخصیات کی کاوشوں کو بھی سراہا۔تقریب میں آئی سی سی آئی کے نائب صدر سمیت بزنس کمیونٹی، آئی ٹی پروفیشنلز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔