سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر کی وفات پر یو این چیف کا اظہار افسوس

یو این جمعہ 8 مئی 2026 10:30

سی این این کے بانی ٹیڈ ٹرنر کی وفات پر یو این چیف کا اظہار افسوس

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 08 مئی 2026ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے امریکہ کی کاروباری شخصیت، سماجی کارکن اور سی این این ٹیلی ویژن کے بانی ٹیڈ ٹرنر کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرنر دور اندیش شخصیت تھے جن کے عزم، فیاضی اور جرات نے اقوام متحدہ اور دنیا پر انمٹ نقوش چھوڑے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ ٹیڈ ٹرنر نے نہایت اہم دور میں اقوام متحدہ اور اس کے مشن پر یقین رکھا، اس مشن میں سرمایہ کاری کی اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دیا۔

ان کی کوششوں نے نہ صرف اپنے ملک کے تحفظ میں کردار ادا کیا بلکہ مشترکہ انسانی اقدار کو بھی مضبوط کیا۔

Tweet URL

انہوں نے یونائیٹڈ نیشنز فاؤنڈیشن قائم کی جو ایک غیر سرکاری تنظیم ہے اور اقوام متحدہ کے مقاصد اور نظریات کی حمایت کے لیے کام کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کی جانب سے اقوام متحدہ کو ایک ارب ڈالر کے عطیے اور بعد ازاں فاؤنڈیشن کے قیام نے فلاحی خدمات اور عطیات کے تصور کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔

یو این مشن کا فروغ

انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، سفارت کاری اور عالمی تعاون سے ٹرنر کی مستقل وابستگی اور بھرپور حمایت ان کی اصل پہچان تھی۔ انہوں نے بہتر دنیا کے لیے جدوجہد کبھی نہ چھوڑی اور وہ یہ کام اقوام متحدہ کے ذریعے انجام دیتے رہے۔

ٹرنر نے اقوام متحدہ کے دائرہ اثر کو وسیع کرنے، شراکت داریوں کو فروغ دینے اور عالمگیر صحت، امن، انسانی حقوق اور ماحولیات کے تحفظ جیسے اہم مسائل پر عملی اقدامات کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

سیکرٹری جنرل نے بین الاقوامی مسائل کے حل سے ٹیڈ ٹرنر کی غیر معمولی وابستگی اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کی مستقل حمایت پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے آنجہانی کے اہلخانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ایک مضبوط اقوام متحدہ اور سب کے لیے بہتر دنیا کے حصول کی کوشش جاری رکھی جائے گی اس وقت تک ٹیڈ ٹرنر کی میراث باقی رہے گی۔