معرکہ حق نے ثابت کر دیا جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو چکا ہے،سردار عامر الطاف خان

جمعہ 8 مئی 2026 15:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) سردار عامر الطاف خان، رکن قانون ساز اسمبلی و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر نے کہا ہے کہ‘‘معرکہ حق’’اور‘‘آپریشن بنیان المرصوص’’نے نہ صرف جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی سیاسی و دفاعی صورتحال میں پاکستان کے مؤقف کو تقویت دی ہے بلکہ دنیا پر یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط، ذمہ دار، باوقار اور امن پسند ریاست ہے جو اپنے دفاع اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکے نے بھارت کے جنگی غرور، جھوٹے پراپیگنڈے اور خطے میں بالادستی کے خواب کو زمین بوس کر دیا ہے۔ بھارت ایک عرصے سے طاقت کے زور پر خطے میں اپنی بالادستی قائم کرنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم حالیہ صورتحال نے ثابت کر دیا کہ جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو چکا ہے اور پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تمام صورتحال کے بعد مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر عالمی سطح پر مرکزی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور بین الاقوامی برادری اب اس حقیقت کو تسلیم کرنے لگی ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کے بغیر ممکن نہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دیا جانا چاہیے تاکہ خطے میں مستقل امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارت کے تمام تر ظلم و جبر کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مؤقف کی بھرپور حمایت کی ہے اور آئندہ بھی یہ حمایت جاری رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم، افواج پاکستان اور کشمیری عوام نے ہر مشکل وقت میں اتحاد، یکجہتی اور قومی عزم کا مظاہرہ کیا ہے، جو دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کے لیے کافی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو انصاف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد ہر صورت جاری رکھیں گے۔