چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات، مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری پالیسیوں پر تبادلۂ خیال

جمعہ 8 مئی 2026 18:10

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر خزانہ  محمد اورنگزیب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور کفایت شعاری پالیسیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین سینیٹ نے سینیٹ سیکرٹریٹ کے اخراجات میں کمی اور مالی بچت کے اقدامات سے وزیر خزانہ کو آگاہ کیا ۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سینیٹ سیکرٹریٹ کی کفایت شعاری مہم کو ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی کی مثبت مثال قرار دیا۔

(جاری ہے)

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی اور قومی وسائل کے مؤثر استعمال کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں،سادگی، شفافیت اور مالی ذمہ داری جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔چیئرمین سینیٹ نے حکومت کی معاشی استحکام پالیسیوں اور اصلاحاتی اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ دانشمندانہ پالیسی سازی اور اصلاحات کے تسلسل سے پائیدار معاشی ترقی ممکن ہے، معاشی چیلنجز سے نمٹنے اور قومی ترقی کیلئے ادارہ جاتی تعاون انتہائی اہم ہے۔ ملاقات میں قومی معیشت اور مالی نظم و ضبط پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ۔