تھیلیسیمیا ایک سنجیدہ موروثی مرض ہے، جس سے بچاؤ کے لیے آگاہی اور بروقت تشخیص انتہائی ضروری ہے،وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 8 مئی 2026 19:04

تھیلیسیمیا ایک سنجیدہ موروثی مرض ہے، جس سے بچاؤ کے لیے آگاہی اور بروقت ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2026ء) سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ تھیلیسیمیا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تھیلیسیمیا ایک سنجیدہ موروثی مرض ہے، جس سے بچاؤ کے لیے آگاہی اور بروقت تشخیص انتہائی ضروری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا اسکریننگ آنے والی نسلوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ محفوظ خون کی فراہمی اور باقاعدہ ٹیسٹنگ کے ذریعے اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو علاج اور خون کی فراہمی کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے، جبکہ صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا سے بچاؤ کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ اس مرض کے مریض بچوں کی دیکھ بھال ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے مخیر حضرات اور سماجی تنظیموں کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات دیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت صحتِ عامہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ عالمی یومِ تھیلیسیمیا ہمیں احتیاط، آگاہی اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے۔