احتساب عدالت لاہور،مونس الٰہی کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری

جمعہ 8 مئی 2026 18:11

احتساب  عدالت لاہور،مونس الٰہی کی جائیداد ضبط کرنے کا تحریری حکم جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) احتساب عدالت لاہور نے چوہدری پرویز الٰہی کے بیٹے مونس الٰہی کی بغیر سرنڈر کیے جائیداد ضبط کرکے نیلامی روکنے کی درخواست خارج کرنے کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ اشتہاری کی درخواست کو منظور کرنا مفروری کو فروغ دینے کے مترادف ہو گا۔ احتساب عدالت کے جج رانا محمد عارف نے مونس الٰہی کی والدہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر سماعت کی جنہیں مونس الٰہی نے اپنا مختار عام مقرر کر رکھا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے جمعے کے روز تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے مونس الٰہی کی جائیداد نیلامی کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اشتہاری کی درخواست منظور کرنا مفروری کو فروغ دینے کے مترادف ہو گا،مونس الٰہی کے اشتہاری ہونے کے باعث درخواست قابلِ سماعت نہیں ۔مونس الٰہی کی جانب سے سپیشل پاور آف اٹارنی کے ذریعے قیصرہ الٰہی نے درخواست دائر کی۔ احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کے ریفرنس میں نومبر2023 میں مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دیا۔ احتساب عدالت نے 2025 میں مونس الٰہی کی ضبط شدہ جائیدادوں کی نیلامی کا حکم دیا۔