سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت زیر تفتیش مقدمات میں پیش رفت کا جائزہ اجلاس

خواتین کے خلاف جرائم کے مکمل خاتمے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں‘ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ

جمعہ 8 مئی 2026 18:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2026ء) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کے مکمل خاتمے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں زیرِ تفتیش مقدمات میں پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ خواتین، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے افسران کو ہدایت کی کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف فوری مقدمات کے اندراج کو یقینی بنایا جائے اور تمام کیسز کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور برق رفتاری کے ساتھ مکمل کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ انصاف کے متلاشی شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی پولیس افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچانے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے۔

بلال صدیق کمیانہ نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ تفتیشی عمل کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور تفتیشی افسران کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے تاکہ زیرِ تفتیش مقدمات کو جلد از جلد یکسو کیا جا سکے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈویژنل ایس پیز( انویسٹی گیشن) اورانچارجزسپیشل سیکسول آفنسز انوسٹی گیشن یونٹ نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :