آسٹریلیا کا کالعدم بی ایل اے کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا اعلان

کالعدم بی ایل اے سے لین دین یا تعلق پر بھاری جرمانہ، 10سال قید ہو سکتی ہے، آسٹریلین حکومت

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مئی 2026 19:19

آسٹریلیا کا کالعدم بی ایل اے کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا اعلان
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2026ء) آسٹریلیا کا کالعدم بی ایل اے کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث کالعدم بی ایل اے کو ایک اور ملک کی جانب سے دہشت گرد تنظیم قراردے دیا گیا۔ آسٹریلیا نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا اعلان کر دیا۔

آسٹریلوی حکومت نے کالعدم بی ایل اے کے 3 لیڈرز پر مالی پابندیاں لگا دیں ،کالعدم بی ایل اے کےبشیر زیب سمیت 3لوگوں پر مالی پابندیاں لگائیں ،کالعدم بی ایل اے کے کارندوں سے لین دین پر قانونی کارروائی ہوگی۔ آسٹریلوی حکومت کا کہنا ہے کہ کالعدم بی ایل اے سے لین دین یا تعلق پر بھاری جرمانہ ،10سال قید ہو سکتی ہے ،کالعدم بی ایل اے پر پابندی دہشت گرد حملے اور حمایت پر لگائی گئی۔

(جاری ہے)

کالعدم بی ایل اے کے حملوں میں پاکستان میں غیر ملکی شہریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،کالعدم بی ایل اے پر پابندی یو این سلامتی کونسل فریم ورک کے تحت لگائی گئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل فروری 2026 میں پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کالعدم دہشتگرد تنظیم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) پر پابندی عائد کرنے کا باضابطہ مطالبہ کیا تھا۔ پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ بلوچ لبریشن آرمی نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد حملے کیے جن میں 48 بے گناہ شہری جان سے گئے۔ پاکستان نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ بلوچ لبریشن آرمی کو عالمی سطح پر دہشت گرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندیاں عائد کرے۔