Live Updates

عوام کو مہنگائی کا تگڑا جھٹکا، مہنگائی کی شرح 15 فیصد سے بھی اوپر چلی گئی

رواں ہفتے کے دوران آٹا، پٹرول، ڈیزل، کوکنگ آئل، گوشت، دودھ سمیت 22 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 مئی 2026 19:00

عوام کو مہنگائی کا تگڑا جھٹکا، مہنگائی کی شرح 15 فیصد سے بھی اوپر چلی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی2026ء) عوام کو مہنگائی کا تگڑا جھٹکا، مہنگائی کی شرح 15 فیصد سے بھی اوپر چلی گئی، رواں ہفتے کے دوران آٹا، پٹرول، ڈیزل، کوکنگ آئل، گوشت، دودھ سمیت 22 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی کی رفتار میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں ایک ہفتے کے دوران متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.79فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 15.16فیصد تک پہنچ گئی۔ایک ہفتے کے دوران 22اشیائے ضروریہ مہنگی ، 14کی قیمتوں میں کمی جبکہ 15کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔چکن کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا اور ایک ہفتے میں چکن 48روپے 40پیسے فی کلو تک مہنگا ہوگیا،اسی دوران آٹے کے 20کلو کے تھیلے کی قیمت میں 74روپے 75پیسے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 19روپے 47پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 6روپے 56پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ دہی 4 روپے، دودھ 2روپے 77پیسے اور بیف 8روپے 3پیسے فی کلو مہنگا ہوگیا۔ادارہ شماریات کے مطابق مٹن، آلو، چائے، کیلے، کوکنگ آئل، پاڈر ملک اور سگریٹ بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل رہے۔دوسری جانب ایک ہفتے ٹماٹر، لہسن، انڈے، دال مسور، پیاز اور دال ماش کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔چکن، پیٹرولیم مصنوعات، خام تیل اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے نے ہفتہ وار مہنگائی پر نمایاں اثر ڈالا ہے جبکہ تازہ دودھ، گوشت، مٹن اور آلو کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ گیا ہے۔                                              
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات