عالمی یومِ ریڈ کراس انسانیت، امن اور خدمت کے عزم کی تجدید کا دن ہے،سید مراد علی شاہ

جمعہ 8 مئی 2026 19:12

عالمی یومِ ریڈ کراس انسانیت، امن اور خدمت کے عزم کی تجدید کا دن ہے،سید ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مئی2026ء) سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ریڈ کراس و ہلالِ احمر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت عبادت ہے اور سماجی رضاکار ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت فلاحی اور امدادی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جبکہ قدرتی آفات اور ہنگامی حالات میں رضاکاروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق حکومت نے صحت، ریسکیو اور سوشل پروٹیکشن کے شعبوں میں اقدامات تیز کر دیے ہیں اور صوبے میں ایمبولینس، ایمرجنسی رسپانس اور طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت غریب اور مستحق خاندانوں کی معاونت کے لیے سماجی تحفظ کے پروگرام چلا رہی ہے، جبکہ خواتین، بچوں اور کمزور طبقات کے لیے امدادی منصوبے ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مراد علی شاہ نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں تاریخی سرمایہ کاری کی ہے، اور عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریڈ کراس اور ہلالِ احمر کے رضاکار انسانیت کی بے لوث خدمت کی روشن مثال ہیں، اور ہمیں انسانیت، محبت اور خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دینا ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عالمی یومِ ریڈ کراس انسانیت، امن اور خدمت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

متعلقہ عنوان :