دیدی آپ ہاری نہیں، بی جے پی کا کام ہی انتشار پھیلانا ہے، اکھلیش یادوکی ممتابنر جی سے ملاقات

جمعہ 8 مئی 2026 21:28

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2026ء) سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کولکتہ میں ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنر جی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یادو نے سابق وزیر اعلیٰ سے کہا کہ دید ی ، آپ ہاری نہیں ہیں، بی جے پی کا م ہی انتشار پھیلانا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اکھلیش یادو نے کہا کہ دیدی آپ بی جے پی کی آنکھوں میں کھٹکتی ہیں ،یہ سب بی جے پی کی جاگیردارانہ ذہنیت ہے وہ خواتین کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتی ۔

(جاری ہے)

یادو نے کہا کہ میں نے بنگال کے الیکشن کا قریب سے مشاہدہ کیا ، جس زبان کا استعمال کیا گیا وہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد اعلان کیا گیا کہ سکیورٹی فورسز کی کئی کمپنیاں یہاں تعینات رہیں گی جو امن و امان کو سنبھالیں گی، اب وہ کمپنیاں کہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو طاقت کے بل پر ووٹ ڈالنے سے روکا گیا، ہزاروں لوگ کے ووٹ کاٹے گئے ، بی جے پی نے بنگال میں بھی جمہوریت کو تباہ کرنے کا راستہ ڈھونڈ نکالا ہے۔یاد رہے کہ ممتابنر جی کی طرف سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے سے انکار کے بعد مغربی بنگال کے گورنر نے ریاستی کابینہ تحلیل کردی ہے۔