Live Updates

امریکہ اور ایران میں ممکنہ ڈیل، اسرائیل میں تشویش کی لہر

ایسے معاہدے کے نتیجے میں ایران کو بھاری مالی فوائد بھی حاصل ہو سکتے ہیں،اسرائیلی اخبار

اتوار 10 مئی 2026 12:15

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مئی2026ء) اسرائیل میں اس بات کے خدشات بڑھتے جا رہے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ ایک جزوی معاہدہ کر سکتے ہیں، جو تہران کو اپنے جوہری پروگرام، بیلسٹک میزائل صلاحیت اور خطے میں اپنے حمایت یافتہ گروہوں کی پشت پناہی برقرار رکھنے کی گنجائش دے سکتا ہے۔اسرائیلی اخبارکے مطابق ایسے معاہدے کے نتیجے میں ایران کو بھاری مالی فوائد بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔

اسرائیلی اعلی حکام کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال بدترین منظرنامہ ہوگا، کیونکہ اس سے ایران کے جوہری مسئلے کا مکمل اور مستقل حل نہیں نکلے گا۔اسرائیلی اندازوں کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان کسی بھی جزوی معاہدے میں ایران سے افزودہ یورینیم مکمل طور پر ہٹانے یا مستقبل میں دوبارہ یورینیم افزودگی روکنے کی واضح ضمانت موجود نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ یہ بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر سخت نگرانی کا نظام محدود اور جزوی نوعیت کا ہوگا، جو اسرائیل کے مطالبات کے مطابق مکمل تحفظ فراہم نہیں کر سکے گا۔باخبر ذرائع نے بتایا کہ نئی امریکی تجویز ایک جامع امن معاہدے کے بجائے مختصر مدت کی مفاہمتی یادداشت پر مبنی ہے، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات اب بھی گہرے ہیں، موجودہ مرحلے میں ہونے والا کوئی بھی معاہدہ عارضی نوعیت کا ہوگا۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات